پنجگور میں قتل ہونے والے 7 مزدوروں کی میتیں ملتان پہنچ گئیں

ملتان: (باغی ٹی وی رپورٹ) پنجگور میں مسلح افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے 7 مزدوروں کی میتیں ملتان پہنچا دی گئیں۔ یہ افسوسناک واقعہ گزشتہ شب بلوچستان کے علاقے خدا آبادان میں پیش آیا تھا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے مزدوروں پر فائرنگ کر کے انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا۔ جاں بحق ہونے والے تمام مزدوروں کا تعلق پنجاب کے شہر شجاع آباد سے تھا۔

مرنے والے مزدوروں کی شناخت ساجد، شفیق، فیاض، افتخار، خالد، سلمان، اور اللہ وسایا کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ تمام مزدور شجاع آباد کے مختلف علاقوں بستی چدھڑ، بستی راجہ پور، چک سردار پور، شاہ پور ابھہ، اور بستی ملوک سے تعلق رکھتے تھے۔

لاشیں گھر پہنچنے پر اہل خانہ غم سے نڈھال ہو گئے اور علاقے میں شدید سوگ کی کیفیت ہے۔ مقتولین کے اہل خانہ اپنے پیاروں کی اچانک موت پر شدید صدمے کا شکار ہیں جبکہ علاقے کے لوگ بھی اس دلخراش واقعے پر غمگین ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

پنجگور: دہشت گردوں کی فائرنگ،ملتان کے 7 مزدور جاں بحق، 2 زخمی
موسیٰ خیل: گیس کمپنی کے کیمپ پر حملہ، 20 سے زائد مزدور اغواء
پنجگور میں قتل ہونے والے مزدوروں کے قتل کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کیا گیا ہے اور اس میں انسداد دہشت گردی ایکٹ، قتل، اقدام قتل، اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں، اور مجرمان کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

وزیراعظم کی مذمت: وزیراعظم شہباز شریف نے اس وحشیانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ بے گناہ مزدوروں پر حملہ ایک ناقابل معافی جرم ہے، اور ایسے بہیمانہ واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مجرمان کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔

یہ واقعہ ملک میں جاری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک اور دکھ بھری یادگار ہے، جو بے گناہ اور غریب مزدوروں کی جانیں لے رہا ہے۔

Leave a reply