کراچی،دبئی : ملتان سلطانز کی سپن کنسلٹنٹ الیگزینڈرا ہارٹلی کھلاڑیوں کے روزے رکھنے سے متاثر ہوکر روزے رکھنا شروع ہوگئیں۔

باغی ٹی وی: برطانوی نشریاتی ادارےکو دئیے گئے انٹرویو میں الیگزینڈرا ہارٹلی کا کہنا تھا کہ میں بھی رمضان کے روزے رکھ رہی ہوں، میں محسوس کرنا چاہتی ہوں کہ یہ لوگ روزے رکھ کر شام میں کرکٹ کیسے کھیلتے ہیں،الیگزینڈرا ہارٹلی کے مطابق ہم 4 بجےکھانا کھاتے ہیں اور اس کے بعد پورا دن بھوکا رہتے ہیں، ہم شام میں روزہ کھولتےہیں پھر سب لوگ نماز پڑھنے جاتے ہیں،سپن کنسلٹنٹ ملتان سلطانز کا کہنا ہےکہ روزہ رکھنا مشکل کام ہے، مجھے پیاس کا بہت احساس ہوتا ہے۔

دوسری جانب خلیج ٹائمز کے مطابق پڑھائی اور پھر ملازمت کیلئے ملائیشیامیں قیام کے دوران 26 نیلم گوکلسنگ نامی ایک بھارتی ہندو لڑکی نے دوستوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے رمضان المبارک کے روزے رکھنے شروع کیے مگر پھر اس ماہ مقدس کے ایسے ثمرات اس پر عیاں ہوئے کہ اب ہر سال پورے اہتمام کے ساتھ روزے رکھتی ہے۔

نیلم کا کہنا ہے کہ ابتدامیں اپنے مسلمان کلاس فیلوز کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے میں نے روزے رکھنے شروع کیے مگر جب میں نے خود کو کھانے پینے سے روکا تو ایسی روحانیت کا احساس ہوا کہ میں نے ہر سال روزے رکھنے شروع کر دیئے، رمضان المبارک کی بدولت میں نے اپنی ذات اور اپنی خواہشات کے بارے میں بہت کچھ سیکھا،رمضان المبارک سے ہی میں نے نظم و ضبط اور قوت ارادی سیکھی یہ وہ چیزیں ہیں جو زندگی کے ہر شعبے میں میرے کام آ رہی ہیں،میں نے کلاس فیلوز اور دوستوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے روزے رکھنے شروع کیے مگر اب میرے لیے رمضان المبارک روحانی اعتبار سے بہت خاص مہینہ بن چکا ہے، اب میں دو سال سے دبئی میں ہوں اور یہاں بھی پورے اہتمام سے ہر سال روزے رکھتی ہوں۔

Shares: