ملتان سلطانز کو جھٹکے پرجھٹکا لگ گیا

0
42
multan

ملتان:پاکستان سپر لیگ 8 کے افتتاحی میچ کے بعد ہی ملتان سلطانز کی ٹیم کو بڑا جھٹکا لگ گیا، فاسٹ بولر شاہنواز دھانی انجری کا شکار ہوگئے، ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔پاکستان سپر لیگ 8 کا پہلا میچ پیر کو ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا، افتتاحی میچ میں ہی ایک بڑا کھلاڑی انجرڈ ہوگیا۔

ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی 16ویں اوور کی آخری گیند پر سکندر رضا کا زور دار شاٹ روکنے کی کوشش میں انجرڈ ہوگئے، ان کے دائیں ہاتھ کی انگلی میں چوٹ لگی ہے۔رپورٹ کے مطابق گیند پکڑنے کی کوشش کرتے ہوئے شاہنواز دھانی کی دائیں انگلی پر گیند لگ گئی، ان کا ایکسرے کیا گیا جس میں شاہنواز کی انگلی میں فریکچر آیا ہے، جس کی وجہ سے انہیں ہاتھ میں شدید تکلیف ہے۔

شاہنواز دھانی کا انجری کے باعث پی ایس ایل کے پورے ایونٹ سے باہر ہونے کا خدشہ ہے، ملتان سلطانز مینجمنٹ نے شاہنواز دھانی کے متبادل کھلاڑی کی تلاش شروع کردی۔رپورٹ کے مطابق ملتان سلطانز نے کارلوس بریتھ ویٹ کو بھی متبادل کے طور پر تیار رہنے کا کہہ دیا ہے، وہ پاکستانی ویزے کے منتظر اور یو اے ای میں موجود ہیں۔

ادھر کل رات پاکستان سپر لیگ 8 کے افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رنز سے ہرا دیا۔
لاہور قلندرز نے جیت کیلئے ملتان سلطانز کو 176 رنز کا ہدف دیا تھا، جواب میں ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوور میں 174 رنز بنائے۔ ملتان سلطانز کے محمد رضوان نے 50 گیندوں پر 75 رنز بنائے۔

اس سے قبل ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 175 رنز بنائے۔لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان 66 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، مرزا بیگ نے 32 رنز بنائے، شائے ہوپ 19، کامران غلام 3، حسین طلعت 20 اور ڈیوڈ ویزے 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سکندر رضا نے ناقابل شکست 19 رنز بنائے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے احسان اللہ اور اسامہ میر نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔لاہور قلندرز میں کپتان شاہین شاہ آفریدی کے علاوہ حارث رؤف، فخر زمان، طاہر بیگ، ڈیوڈ ویزے، سکندر رضا، حسین طلعت، شائے ہوپ، زمان خان، لیام ڈاسن اور کامران غلام شامل تھے۔
کپتان محمد رضوان، شان مسعود، عثمان خان، ڈیوڈ ملر، کیرن پولارڈ، خوشدل شاہ، عقیل حسین، عثمان میر، سمین گل، شاہنواز دھانی اور احسان اللہ ملتان سلطانز ٹیم کا حصہ تھے۔

Leave a reply