سیف علی خان کی سیکیورٹی کے لیے ممبئی پولیس کی اضافی تعیناتی
ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار سیف علی خان کی سیکیورٹی کے لیے ممبئی پولیس نے ان کی رہائش گاہ کے باہر خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ پولیس نے سیف علی خان کے باندرہ میں واقع گھر کے باہر دو کانسٹیبلوں کو دو شفٹوں میں تعینات کر دیا ہے تاکہ ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
سیف علی خان گزشتہ ہفتے اپنے گھر پر ڈکیتی کی کوشش کے دوران چاقو کے حملے میں زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس کے مطابق، حملہ آور شرف الاسلام عرف وجے داس، جو کہ ایک بنگلہ دیشی شہری ہے، غیر قانونی طور پر بھارت میں مقیم ہے۔ اس شخص نے سیف علی خان پر حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں اداکار کو شدید چاقو کے زخم آئے تھے۔پولیس حکام نے بتایا کہ سیف علی خان کی سیکیورٹی کے لیے اضافی اقدامات کیے گئے ہیں۔ ان کی باندرہ ویسٹ میں واقع "ست گرو شرن بلڈنگ” میں رہائش گاہ کے ارد گرد پولیس کی نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، سیکیورٹی کے انتظامات میں سی سی ٹی وی کیمرے اور ونڈو گرلز بھی نصب کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال کا فوری نوٹس لیا جا سکے۔
یاد رہے کہ 16 جنوری کو سیف علی خان کے گھر پر ایک چوری کی کوشش کی گئی تھی، جس دوران حملہ آور نے سیف علی خان پر چاقو سے چھ مرتبہ حملہ کیا تھا۔ اس حملے کے بعد، سیف علی خان کو ممبئی کے لیلاوتی اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کی کامیاب سرجری کی گئی۔ کئی روز اسپتال میں رہنے کے بعد، وہ اب مکمل طور پر صحت یاب ہو کر اپنے گھر واپس آ گئے ہیں۔پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ یہ حملہ کیوں اور کس مقصد کے تحت کیا گیا، اور شرف الاسلام کے غیر قانونی طور پر بھارت میں قیام کی وجوہات بھی معلوم کی جا رہی ہیں۔
شیر کا بچہ رکھنے کے الزام میں ٹک ٹاکر رجب بٹ کو سزا
سندھ اسپورٹس فنڈز کی مبینہ لوٹ مار، اسپیشل افراد کے ساتھ مذاق