نئی دہلی: دہلی پولیس نے ایک مسلح جھڑپ کے دوران معروف بھارتی اسٹینڈ اپ کامیڈین اور بگ باس کے فاتح منور فاروقی کو قتل کرنے کے منصوبے میں ملوث دو شوٹرز کو گرفتار کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت راہول اور ساہل کے ناموں سے ہوئی ہے۔ دونوں کو مبینہ طور پر بیرونِ ملک مقیم گینگسٹر روہت گودارا کی ہدایت پر دہلی بھیجا گیا تھا تاکہ منور فاروقی کو قتل کیا جا سکے۔ بتایا جا رہا ہے کہ گودارا، گولڈی برار اور ویرندر چران کے ساتھ مل کر اس منصوبے پر کام کر رہا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ممبئی اور بنگلورو میں منور فاروقی کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے ریکی بھی کی تھی تاکہ حملے کے لیے موزوں وقت اور مقام کا تعین کیا جا سکے۔پولیس کے مطابق جھڑپ کے دوران ملزم راہول کو گولی لگی جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ راہول کے خلاف ہریانہ میں دسمبر 2024ء کے تہرے قتل کیس میں بھی تفتیش جاری ہے۔

دہلی پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ اس معاملے میں مزید چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں تاکہ گینگ کے دیگر کارندوں کو بھی گرفتار کرکے کسی بڑے جانی نقصان کو روکا جا سکے۔

واضح رہے کہ منور فاروقی سوشل میڈیا پر انتہائی مقبول ہیں، انسٹاگرام پر ان کے ایک کروڑ بیالیس لاکھ سے زائد فالوورز ہیں۔ بگ باس جیتنے کے بعد ان کی شہرت میں مزید اضافہ ہوا ہے اور وہ مختلف ریئیلٹی شوز اور اسٹیج پرفارمنس کے ذریعے بھارتی شوبز انڈسٹری میں نمایاں مقام حاصل کرچکے ہیں۔

Shares: