میرپور خاص باغی ٹی وی( نامہ نگار سید شاہزیب شاہ کی رپورٹ ) بلدیہ کے ملازمین نے تنخواہ نہ ملنے پر کام چھوڑ کر احتجاج کا آغاز کردیا ہے اس سلسلے میں بلدیہ ملازمین سندھ کی شاہ لطیف یونین اور آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن شہید ساقی کے میرپورخاص ڈویژن کے صدر مظہر عباسی نے باغی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہر مہینے اپنی تنخواہ کے حصول کے لئے احتجاج کرنا پڑتا ہے ، انہوں نے کہا کہ میرپورخاص بلدیہ کو میونسپل کمیٹی سے کارپوریشن کا درجہ دئے ہوئے 16 ماہ کا طویل عرصہ گذر چکا ہے،مگر ہاؤس رینٹ کی مد میں 16 مہینوں کے بقایاجات ہمیں ادا نہیں کئے گئے
مظہر عباسی نے کہا کہ ہم سے کہا جاتا ہے کہ صبح جب ڈیوٹی پر آؤ تو اپنی بائیو میٹرک کراؤ ،انہوں نے بلدیہ کے ذمہ داران سے کہا کہ اگر ہم آئیں تو کہاں بیٹھیں گے بلدیہ کے تمام کمرے یوسی چیئرمینوں کے حوالے کردئیے گئے ہیں ، بس ہمارے اوپر بائیو میٹرک کرانے کا زور ہے مگر ہمارے لئے آفس کی کوئی بات نہیں کرتا –
مظہر عباسی نے کہا کہ 30 سال کا عرصہ گذرنے کے باوجود سنیارٹی کی بنیاد پر بلدیہ ملازمین کی پروموشن نہیں کی گئی،انہوں نے شکوہ کرتے ہوۓ کہا کہ کچھ دیر پہلے یہاں میئر میرپورخاص رؤف غوری اور میونسپل کمشنر رفیق سیہڑ آئے مگر ہم سے ملے بغیر چلے گئے ، ہم باغی ٹی وی کے توسط سے میرپورخاص بلدیہ کے ذمہ داران کمشنر و ڈپٹی کمشنر میرپورخاص اور حکام بالا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہم بھی سرکاری ملازم ہیں ہمیں بھی دیگر اداروں کی طرح وقت پر تنخواہ اور دیگرتمام سہولتیں دی جائیں








