لاہور: پنجاب کے محکمہ داخلہ نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے خلاف درج متعدد سنگین نوعیت کے مقدمات کی تفتیش کو مؤثر اور منظم انداز میں آگے بڑھانے کے لیے 12 مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں (جے آئی ٹیز) قائم کر دی ہیں۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 7 جے آئی ٹیز لاہور میں درج مقدمات کی تفتیش کریں گی جبکہ 5 جے آئی ٹیز شیخوپورہ میں قائم کیے گئے مقدمات پر کام کریں گی۔ یہ تمام مقدمات دہشتگردی اور دیگر سنگین قانونی دفعات کے تحت درج کیے گئے تھے۔محکمہ داخلہ کے مطابق تشکیل دی گئی جے آئی ٹیز میں پولیس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور حساس اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے تاکہ تحقیقات کو جامع، شفاف اور موثر بنایا جا سکے۔ذرائع کے مطابق ان جے آئی ٹیز کی تشکیل کی درخواست پنجاب پولیس نے دی تھی۔ پولیس حکام کے مطابق کالعدم ٹی ایل پی کے خلاف 75 سے زائد مقدمات درج کیے جا چکے ہیں، جن میں 2 ہزار سے زائد نامزد شرپسندوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ پولیس کا مؤقف ہے کہ جے آئی ٹیز کی تشکیل سے مقدمات کی پیش رفت مزید تیز اور مربوط ہو سکے گی۔
محکمہ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ جے آئی ٹیز تحقیقات مکمل ہونے کے بعد اپنی رپورٹس متعلقہ حکام کو پیش کریں گی، جس کی روشنی میں آئندہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔








