ٹرائیبل یونین آف جرنلسٹ کی جانب سےنوشہرہ میں صحافی حسن زیب کے قتل کی بھرپورمذمت

لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ)ٹرائیبل یونین آف جرنلسٹ کی جانب سےنوشہرہ میں صحافی حسن زیب کے قتل کی بھرپورمذمت
تفصیل کے مطابق ٹرائیبل یونین آف جرنلسٹ نے اکبرپورہ بازار میں روزنامہ ”آج“ اخبار کے جنرل رپورٹر حسن زیب کے قتل کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا سے واقعے کا فوری نوٹس لینے اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

ٹرائیبل یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی صدر قاضی فضل اللہ اور جنرل سیکرٹری خادم خان آفریدی نے اکبرپورہ بازارمیں فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق روزنامہ آج کے رپورٹر حسن زیب کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ دو ماہ میں خیبرپختونخوا میں صحافی کے قتل کا تیسرا واقعہ رونما ہوچکا ہے۔ جو نہایت افسوس ناک بات ہے،

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور آئی جی خیبرپختونخوا اس افسوناک واقعے کا فوری طور پرنوٹس لیں اور مقتول صحافی حسن زیب کے قاتلوں کو گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے، بصورتِ دیگر ٹرائیبل یونین آف جرنلسٹ احتجاجی مظاہرے کریں گے۔

یاد رہے کہ صحافی کے قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو موٹر سائیکل سوار گاڑی کے پیچھے آئے اور ایک نے فائر کیا۔ پہلا فائر ہوتے ہی گاڑی رکی تو موٹر سائیکل سے ایک حملہ آور اترا اور بڑے اطمینان سے گاڑی کے پاس جا کر صحافی حسن زیب کو مزید گولیاں ماریں، قتل کے بعد دونوں حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔

مقتول صحافی کے قتل کا مقدمہ بھائی انور زیب کی مدعیت میں تھانہ اکبر پورہ میں درج کردیا گیا۔ایف آئی آر کے مطابق دو نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے گاڑی میں موجود حسن زیب کو متعدد گولیاں مار کر قتل کیا، گولیاں لگنے سے حسن زیب موقع پر جاں بحق ہوگئے تھے۔

Leave a reply