ملکہ کوہسار مری میں ہزاروں سیاحوں اور ان کی گاڑیوں کے داخلے کی وجہ سے اس وقت بدترین ٹریفک جام ہے، سیاحوں کی بڑی تعداد سڑکوں پہ دربدر بھٹک رہی ہے جب کہ انتظامیہ و پولیس مکمل طور پر ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مری میں عیدالاضحیٰ کے تین دنوں میں اب تک 50 ہزار سے زائد گاڑیاں داخل ہوئی ہیں اور 38 ہزار آؤٹ ہوچکی ہیں۔ٹریفک پولیس حکام کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر تیمور خان بھی صورتحال کا جائزہ لینے اور حالات کو سنبھالنے کے لیے بذات خود مری پہنچ گئے ہیں۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بھی نے مری میں سیاحوں کی مشکلات کا نوٹس لے لیا ہے اور فوری طور پر کمشنر راولپنڈی کو پہنچنے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مقامی انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی ہے کہ سیاحوں کو تمام سہولتیں فراہم کی جائیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق 12 ہزار سے زائد گاڑیاں اس وقت بھی مری کی مختلف سڑکوں پر چیونٹی کی رفتار سے رینگتی ہوئی پارکنگ تلاش کر رہی ہیں مری، جھیکا گلی، لوئر ٹوپہ مال روڈ اور ویو فورتھ روڈ سمیت قرب و جوار میں ٹریفک بری طرح سے بلاک ہے، مال روڈ مری میں لوگوں کے جم غفیر کی وجہ سے تل دھرنے کی بھی جگہ نہیں ہے۔
مقامی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے بطور خاص مری کے لیے تیار کیے جانے والے ٹریفک پلان پوری طرح سے ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔
Shares: