نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی اور نگران صوبائی وزیر اطلاعات سندھ محمد احمد شاہ کے مابین ملاقات ہوئی ہے جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، سندھ حکومت اور وفاقی حکومت کے درمیان قریبی تعاون، عام انتخابات کے انتظامات، صحافیوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی اور دیگر متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ صوبہ سندھ کو پُرامن اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے، اس مو قع پر سیکرٹری اطلاعات سندھ ندیم الرحمان میمن اور ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز محمد سلیم خان بھی موجود تھے۔نگران صوبائی وزیر اطلاعات نے نگران وفاقی وزیر کو صوبہ میں انتخابات کے انعقاد کے انتظامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ عام انتخابات کے لئے ضروری فنڈز جاری کر دئیے گئے ہیں اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

Shares: