مسلم لیگ ن کے رہنما مصدق ملک نے شاہد خاقان عباسی کی بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے حوالے سے ایسا بیان دینا ناقابل برداشت ہے کہ وہ وہ کسی اور کے سہارے اقتدار میں آرہے ہے، لاہور میں الحمرا ہال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی ہمارے دوست ہیں، ان کے بیان پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتا، وہ جس جماعت پر تنقید کر رہے ہیں وہ ساری زندگی اس جماعت کا حصہ رہے ہیں، شاہد خاقان عباسی کی تنقید ن لیگ پر نہیں ان کے اپنے اوپر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی کارکردگی پر نواز شریف نیا وژن قوم کے سامنے لا رہے ہیں، عوام فیصلہ کرے گی کہ تیر نے شیر کا شکار کیا یا نہیں۔
مصدق ملک نے کہا کہ بلے سے متعلق سپریم کورٹ کا جو فیصلہ آیا اس پر بات نہیں کرسکتا کیونکہ فیصلہ پڑھا ہی نہیں ہے، ہر ایک کو اجازت ہونی چاہیے کہ وہ پاکستان میں سیاست کرے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ سندھ اور پنجاب کا موازنہ کر لیجئے گا پھر پتا چلے گا کہ تیر کس کا شکار کرے گا، نواز شریف قد آور شخصیت ہیں ان کے آنے سے تہلکہ مچ جاتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جہاں بھی جمہوریت میں مداخلت ہوتی ہے وہ غلط ہوتا ہے۔ واضح رہےکہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ن لیگ کا ٹکٹ نہیں لیا اس کا مطلب ہے پارٹی میں نہیں ہوں۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے مقامی ٹی وی کو خصوصی انٹرویو میں کہا کہ عام انتخابات میں ن لیگ کا ٹکٹ نہیں لیا اس کا مطلب ہے پارٹی میں نہیں ہوں، 35 سال بعد ایک آدمی ٹکٹ نہ لے تو یہ غیر معمولی اور واضح بات ہے اس کے پیچھے کوئی وجہ ہی ہوگی، شمولیت کے وقت بھی تقریب کی ضرورت نہیں تھی اور نہ آج چھوڑتے وقت ضرورت ہے۔شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کا ٹکٹ نہ لینے کے بعد پارٹی کے کچھ دوستوں سے بات کی، حلقے کے لیے پارٹی ورکرز کے نام دیے اور کہا ان کو میں سپورٹ کروں گا لیکن ان ورکرز کو ٹکٹ نہیں ملے اور اب ن لیگی امیدوار کو سپورٹ نہیں کروں گا۔
Shares: