ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آج صبح ایک مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران رَنوے پر پھسل گیا، لیکن خوش قسمتی سے اس حادثے میں کسی کو کوئی جانی نقصان نہیں پہنچا۔ یہ طیارہ ایئر انڈیا ایئرلائن کا تھا جو کیرالہ کے شہر کوچی سے ممبئی آیا تھا۔ شدید بارش کے باعث رَنوے پر پھسلنے کے نتیجے میں طیارے کے تینوں ٹائر پھٹ گئے، تاہم مسافروں اور عملے کو بروقت اور محفوظ طریقے سے نکال لیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مطابق آج صبح تقریباً 09:27 بجے ایئر انڈیا کی فلائٹ نمبر اے آئی 2744 کوچی سے ممبئی کی جانب روانہ ہوئی۔ جیسے ہی طیارہ ممبئی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے لیے رَنوے پر آیا، شدید بارش کی وجہ سے رَنوے پر پھسل گیا۔ اس دوران طیارہ توازن برقرار نہ رکھ سکا اور رَنوے پر پھسلنے لگا، جس کی وجہ سے اس کے تینوں ٹائر پھٹ گئے۔ممبئی میں جاری موسمی حالات نے لینڈنگ کو نہایت مشکل بنا دیا تھا، تاہم تجربہ کار پائلٹ نے مہارت سے طیارے کو قابو میں رکھتے ہوئے اسے بہ حفاظت رَنوے کے کنارے پر روک دیا۔

حادثے کے فوراً بعد ایئرپورٹ کی ایمرجنسی رسپانس ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور تمام مسافروں اور عملے کے ارکان کو طیارے سے فوراً اور محفوظ طریقے سے اتار لیا گیا۔ خوش آئند بات یہ رہی کہ کسی مسافر یا عملے کے رکن کو کوئی جسمانی چوٹ نہیں پہنچی۔ایئر انڈیا کے ترجمان نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا، "21 جولائی کو کوچی سے ممبئی کے لیے پرواز بھرنے والا طیارہ اے آئی 2744 ممبئی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران رَنوے پر پھسل گیا۔ طیارہ بہ حفاظت گیٹ تک پہنچ گیا اور تمام مسافروں کو بخیریت نکال لیا گیا۔ ہم اس واقعے کی مکمل تحقیقات کر رہے ہیں اور طیارے کو مزید جانچ کے لیے روک لیا گیا ہے۔”

چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے نے بھی اس واقعے پر ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا، "21 جولائی کی صبح 09:27 بجے کوچی سے آنے والا طیارہ ممبئی ایئرپورٹ کے رَنوے پر اترتے ہوئے پھسل گیا۔ فوری طور پر ہماری ایمرجنسی ٹیم موقع پر پہنچی اور تمام مسافروں اور عملے کو بحفاظت طیارے سے نکال لیا گیا۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،مزید کہا گیا کہ رَنوے 27/29 کو معمولی نقصان پہنچا ہے جس کی مرمت کا عمل جاری ہے، اور اس دوران ایئرپورٹ پر آپریشنز کو متاثر نہ ہونے دینے کے لیے سیکنڈری رَنوے 32/14 کو فعال کر دیا گیا ہے۔ سی ایس ایم آئی اے نے کہا کہ "ہوائی اڈے پر حفاظت ہمیشہ ہماری اولین ترجیح ہے۔

Shares: