ممبئی: گیٹ وے آف انڈیا کے قریب مسافر کشتی کو حادثہ،ایک شخص ہلاک متعدد لاپتہ
ممبئی میں گیٹ وے آف انڈیا کے قریب آج شام تقریباً 85 مسافروں والی فیری بوٹ الٹنے سے ایک شخص کی موت ہو گئی۔
باغی ٹی وی : بھارتی میڈیا کے مطابق فیری سے اب تک تقریباً 75 افراد کو بچا لیا گیا ہے جبکہ باقی مسافروں کی تلاش جاری ہےفیری کے مالک کے مطابق حادثہ نیوی کی اسپیڈ بوٹ سے ٹکرانے کے بعد پیش آیا وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور ان کے نائب ایکناتھ شندے نے کشتی میں سوار مسافروں کو جلد بچانے کی اپیل کی ہے۔
برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن نے ایک بیان میں کہا کہ کل 21 لوگوں کو بچایا گیا، جن میں سے ایک کو مردہ قرار دیا گیا۔ اس نے مزید کہا کہ بچاؤ اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
بھارتی کوسٹ گارڈ اور بحریہ نے امدادی کارروائیوں کے لیے جائے وقوعہ پر جہازوں کو تعینات کیا ابتدائی اطلاعات کے مطابق زیادہ تر مسافروں کو کامیابی سے بچا لیا گیا ہے اور وہ محفوظ ہیں تاہم باقی لاپتہ افراد کی تلاش کی کوششیں جاری ہیں۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ جب فیریالٹنے لگی، کئی مسافروں نے خود کو بچانے کی کوشش میں پانی میں چھلانگ لگا دی۔ مقامی ماہی گیروں نے بھی امدادی کوششوں میں اہم کردار ادا کیا، اور سرکاری مدد پہنچنے سے پہلے ہی بہت سے مسافروں کو محفوظ مقام پر پہنچا دیا۔