اسلام آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام ائیرپورٹس پر قومی اور بین الاقوامی پروازیں معمول کے مطابق جاری ہیں۔
باغی ٹی وی : سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق اسلام آباد ائیرپورٹ پر بھی تمام پروازیں معمول کے مطابق جاری ہیں اور اسلام آباد آنے والی پروازیں حسب معمول جاری رہیں گی، بین الاقوامی پروازوں کے مسافروں کو اسلام آباد ائیرپورٹ پر روکے جانے سے متعلق افواہیں سراسر جھوٹی اور بے بنیاد ہیں۔
بیان میں عوام سے اپیل کی گئی کہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی خبر کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مصدقہ پلیٹ فارم سے رجوع کریں، فیک نیوز پھیلانے والے اکاؤنٹس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے، سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے واضح کیا تھا کہ احتجاج میں رہنماؤں کی کارکردگی کی بنیاد پر اگلے عام انتخابات میں پارٹی ٹکٹ دیا جائے گا۔
بشریٰ بی بی نے پارٹی رہنماؤں پر زور دیا تھا کہ وہ احتجاج کے دوران گرفتاریوں سے بچیں جبکہ احتجاج کے لیے موثر تحریک اور وفاداری کی بنیاد پر ہی پی ٹی آئی میں ان کے مسقبل کا فیصلہ ہوگا،انہوں نے متنبہ کیا تھا کہ کسی بھی رہنما کی پارٹی کے ساتھ دیرینہ وابستگی بھی انتخابات میں پارٹی ٹکٹ کی ضمانت نہیں دے گی اگر وہ احتجاج کے دوران توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہے۔








