چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ مشاورت کے بغیر بنائے گئے کسی بجٹ کو ووٹ نہیں دیں گے،طے ہوا تھا کہ ترقیاتی اسکیمیں ن لیگ اور پیپلزپارٹی مل کے طے کریں گی۔
باغی ٹی وی کےمطابق چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو خطاب سے پہلے آبدیدہ ہوگئے۔انہوں نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم سب شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ہم سب قائد ذوالفقار علی بھٹو عوام کے علم بردار ہیں ۔ سب کو مبارکباد دیتا ہوں ہم نے تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو وہ پہلے پاکستانی ہیں جن کو نشان پاکستان عطا کیا گیا۔ صدر آصف زرداری نے نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو انصاف دلایا ۔تاریخ کی عدالت نےپہلے ہی شہید ذوالفقار علی بھٹو کو بے گناہ قرار دے دیا تھا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ تاریخ میں بھٹو شہید کا نام سنہرے الفاظ میں لکھا جائے گا، ذوالفقار بھٹو نے پارٹی کی قیادت بےنظیر کے ہاتھ دینے کا درست فیصلہ کیا، صدر زرداری نے بھی پیپلزپارٹی کی قیادت کی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائی، ہم آج فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ کل بھٹو زندہ تھا آج بھی بھٹو زندہ ہے، اس جدوجہد میں قائد عوام کے بعد محترمہ بےنظیر بھٹو کا سب سے بڑا کردار ہے، شہید بےنظیر نے اپنے والد کا مشن جاری رکھا، ان کا نام زندہ رکھا۔
انہوں نے کہا کہ بےنظیربھٹو دو آمروں سے ٹکرائیں، شہید بےنظٰیر نےجمہوریت بحال کی، عوام اور غریبوں کی آواز تھیں، صدر زرداری نے 18 ویں ترمیم کی صورت قائدعوام کا آئین بحال کیا، پاکستان کھپے کا نعرہ دیا، این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے صوبوں کو مالی وسائل دیے۔ 18ویں ترمیم کی وجہ سے سندھ صحت کے شعبے میں باقی صوبوں سے آگے ہے،18ویں ترمیم کی وجہ سے ہم سندھ میں مفت علاج کے ہسپتالوں کا جال بچھا سکے، پاکستان کے عوام کو مفت علاج ملتا ہے تو پیپلزپارٹی کی وجہ سے ۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ آپ کو یاد ہے وہ شخص جو 50 لاکھ گھروں کا خواب دکھاتا تھا،پیپلزہاؤسنگ تاریخی منصوبہ ہے، قائدعوام نے لوگوں کو زمین کا مالک بنایا میں 20 لاکھ خاندانوں کو گھر بھی دے رہا ہوں ،زمین کا مالک بھی بنا رہاہوں۔پیپلزہاؤسنگ گھر بنانے کا دنیا کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔روٹی کپڑا مکان کا وعدہ پورا کرنا ہم نے قائد عوام اور شہید بےنظٰیر سے سیکھا ہے، ہم نے سیاست کا مطلب خدمت سمجھا ہے نہ کہ نفرت اور تقسیم ۔میں نے اقوام متحدہ میں اسلاموفوبیا کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے بحث کرائی، ہم نے پاکستان کو فیٹف کے شکنجے سے نکلوایا، ہم نے جی ایس پی پلس کے سٹیٹس کو بچایا۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ سیلاب کے دوران میں آپ کا وزیر خارجہ تھا، میں نے دنیا کو قائل کیا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ہمارا نقصان ہو رہا ہے، میں نے دنیا کو بتایا کہ آپ کی وجہ سے میرے لوگ ڈوب رہے ہیں،چین سے امریکا، یورپ سے عرب ممالک تک کوئی ایسا ملک نہیں جو سندھ اور بلوچستان کے ساتھ کھڑے نہیں ہوئے، ہم نے وفاق کو منایا کہ کوئی ایک صوبہ اس قدرتی آفت کا مقابلہ نہیں کر سکے گا،موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف جنگ عالمی سطح پر لڑ کر آیا ہوں، وزیر خارجہ کی حیثیت سے دنیا کو منوایا کہ ہمارے سندھو کو بچانا ہے، باقی سب سو رہے تھے۔ پانی کی منصفانہ تقسیم ، موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف جنگ عالمی سطح پر لڑ کر آیا ہوں، پانی پر بھارت کے ڈاکے اور یکطرفہ فیصلوں کا مقابلہ کرکے آیا ہوں اور کرتا رہوں گا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ آج ملک مسائل میں گھرا ہے، دہشت گردی عروج پر ہے، اندرونی اور بیرونی سازشیں ہو رہی ہیں، نفرت اور تقسیم کی سیاست آنے والی نسل کو نقصان پہنچا رہی ہے، کیا ہم نے بھی یہی نفرت اور تقسیم کی سیاست کرنی ہے یا امید اور یکجہتی کی سیاست کرنی ہے،بے نظیر نے ہمیں مثبت سیاست سکھائی ہے ، ہم مثبت سیاست کرتے رہیں گے۔ ہم نے دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھائی ہے، پیپلزپارٹی دہشت گردی اور انتہاپسندی کا مقابلہ کرتے ہوئے سب سے بڑی قربانیاں دی ہیں، بین الاقوامی سازشوں اور اپنی غلطیوں کی وجہ سے دہشت گردی کی دوسری لہر عروج پر ہے، ہماری اندرونی کمزوریوں کو درست کرنا پیپلزپارٹی کے ایجنڈے میں ہے، ہم نے پسماندہ علاقوں کے احساس محرومی کو دور کرنا ہے، جمہوریت، انسانی حقوق کو فعال کر کے نظریاتی جنگ جیت سکتے ہیں، خون کی ہولی کھیلنے والے درندوں کا مقابلہ کرنا ہے، بین الاقوامی سازش اور سہولت کاروں کو کامیاب کرنے کے لیے لوگوں کو شہید کیا جا رہا ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے خطاب میں کہا کہ دہشت گرد کبھی مذہب کے پیچھے چھپتے ہیں، کبھی قوم پرستی کے پیچھے، اصل میں دہشت گرد کا نہ کوئی مذہب ہوتا ہے نہ کوئی قوم، یہ پیشہ ور قاتل اور کھلونے ہوتے ہیں، اپنا مذہب اور قوم کو عالمی طاقتوں کو بیچتے ہیں۔
میکسیکو کے سیوریج سسٹم نے امریکہ کو پریشان کر دیا
رضوان کی کپتانی اور ٹیم سلیکشن پر سوالات اٹھ گئے
کراچی چیمبر کا بجلی نرخوں میں کمی کےاعلان کا خیرمقدم
بجلی بلوں سے ٹی وی فیس سمیت غیر ضروری سرچارجز ختم کا پلان آ گیا
پنجاب، قیدیوں کی سزا ؤں کا ریکارڈ آن لائن کر دیا گیا








