مشکل حالات، عوام دوست بجٹ، تجزیہ، شہزاد قریشی

0
59
qureshi

تجزیہ: شہزاد قریشی
بجٹ اعدادو شمار کا ایک کھیل ہوتا ہے میرے خیال میں عام آدمی ہی نہیں بہت سوں کے سر سے گزر جاتا ہے۔ بجٹ کے اعداد و شمار کیا ہوتے ہیں عام آدمی کی سمجھ میں نہیں آتے۔ بجٹ پیش ہوتے تقریریں سنتے عمر گزر گئی اور گزر رہی ہے تاہم وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے معاشی بحران اور آئی ایم ایف کے بغیر بجٹ پیش کرکے ثابت کر دیا کہ وہ ان مشکل میں ہی نہیں مشکل ترین حالات میں کسان دوست‘ سرکاری ملازمین دوست‘ نوجوان دوست بجٹ پیش کر سکتے ہیں۔ اسحاق ڈار میاں محمد نواز شریف کے دور حکومت میں بھی وزیر خزانہ رہے اور ایک تجربے کار وزیر خزانہ ہیں۔ سب سے خوشی کہ آئند وزیر خزانہ نے وطن عزیز کو ڈیفالٹ سے بھی بچا لیا ہے۔ دوسری جانب سیاسی تماشوں کی رونق ماند نہیں پڑ رہی روزایک نیا جلوہ دکھائی دیتا ہے۔ بین الاقوامی بدلتی ہوئی سیاسی صورت حال سے بے خبر سیاستدان روزانہ سیاسی تماشے لگا رہے ہیں تاہم یہ تماشے پرانے ہیں۔ قومیں متحد رہ کرہی ترقی کرتی ہیں انتشار تباہی اور بربادی کے سوا کچھ نہیں دیتا۔

خطے کی صورت حال تبدیل ہو رہی ہے ۔ سعودی عرب‘ چین‘ ایران اور دیگر ممالک کے در میان فروغ پانے دوالے رشتوں کے اثرات پاکستان پر بھی پڑیں گے۔ غالباً پڑ بھی چکے ہیں۔ ایران‘ سعودی عرب‘ عرب امارات‘ عمان اور دیگر خلیجی ممالک نے مشترکہ بحریہ کے قیام کا فیصلہ کیا ان کی رہنمائی چین کررہا ہے۔ بلاشبہ سعودی عرب ایران تعلقات امریکہ کیلئے بڑا دھچکہ ہے امریکہ جانتا ہے کہ عرب ممالک اتحاد کے پیچھے چین ہے ان حالات کو دیکھ کہ امریکی وزیر خارجہ سعودی عرب پہنچے ہیں۔ چین امریکہ مقابلہ کیا رنگ لاتا ہے یہ کہنا قبل از وقت ہے پاکستان کو اپنے مفادات کو سامنے رکھ کر پالیسیاں بنانا ہوں گی۔ خطہ کی بدلتی ہوئی صورت کو مدنظر رکھ کر اقدامات اٹھانے ہوں گے۔اس بدلتی ہوئی صورت حال میں حکومت اور قومی سلامتی کے اداروں کو پھونک پھونک کر قدم رکھنا ہو گا۔

Leave a reply