پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کی اسرائیل قید سے رہائی کے لیے مسلسل اور ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں اردن کے دارالحکومت عمان میں قائم پاکستانی سفارتخانہ مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔

ترجمان وزارتِ خارجہ کے مطابق پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے اردنی حکومت کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جا رہا ہے تاکہ سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کی بحفاظت واپسی جلد از جلد ممکن بنائی جا سکے۔ ترجمان نے بتایا کہ اردن کی حکومت کی جانب سے غیر معمولی تعاون حاصل ہوا ہے اور اُمید ہے کہ آئندہ چند روز میں یہ عمل کامیابی سے مکمل کر لیا جائے گا۔وزارتِ خارجہ نے اردن کی "برادر حکومت” کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں جس طرح اردنی حکام نے پاکستانی سفارتخانے کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے، وہ قابلِ تحسین اور قابلِ تقلید مثال ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے شہریوں کی حفاظت اور بہبود کو اولین ترجیح دیتا ہے اور اس حوالے سے وزارتِ خارجہ دن رات سرگرمِ عمل ہے۔ وزارت نے عوام کو یقین دلایا کہ مشتاق احمد خان کی رہائی تمام مراحل کو نہایت احتیاط اور ذمہ داری کے ساتھ مکمل کیا جائے گا۔

Shares: