عالمی افق میں بدلتی صورت حال کے پیش نظر وطن عزیز میں استحکام اور ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لئے سیاسی اکابرین اور مقتدرہ کو جرات مندانہ فیصلوں کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا ، قومی مفادات کو ترجیح دینا ہوگی ۔ تخلیقی سوچ ایماندار اور ترقی پسند و مخلص کردار کی لیڈر شپ مہیا کرنا ہوگی۔ صوبائی تعصب ، اقربا پروری اور کرپشن کسی بھی ملک اور قوم کے لئے زہر قاتل ہیں اور بابائے قوم نے بھی اپنے خطابات میں ان قباحتوں سے بچنے کی تلقین کی تھی۔ اور انہی سے نجات میں ملک کا استحکام پوشیدہ ہے آج وطن عزیز کو اندرونی اور بیرونی سازشوں کا سامنا ہے۔ بلاشبہ نواز شریف نے اپنے سابقہ ادوار میں ملک میں موٹرویز ، لوڈ شیڈنگ کے خاتمے ، بیروزگاری میں کمی ،روزگار کے لئے آسان قرضوں کی فراہمی ،ایٹمی دھماکوں بیرونی قرضوں سے نجات اور خود انحصاری کی جانب کئی اقدامات اٹھائے اور پھر سی پیک جیسے منصوبے کو لاکر پاکستان کوبین الاقوامی معاشی ترقی میں خطے کی اُبھرتی ہوئی معیشت کی صفوں میں لاکھڑا کیا۔ آج بھی ضرورت اس امر کی ہے کہ ترقی او ر معاشی استحکام کا سفر اُسی جذبے اور بصیرت سے جاری رکھا جائے ۔ آج بھی ماضی کی طرح نواز شریف آج بھی بلوچستان کی دکھتی رگ پراپنا ہاتھ رکھ کر علیحدگی پسند سوچوں کی چنگاریں کو بجھا سکتے ہیں۔ آج بھی نواز شریف اور اُنکی ٹیم مستقبل کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ استحکام پاکستان خطے میں پائیدار امن اورترقی کا ضامن ہے۔بین الاقوامی طاقتوں اور خطے کے علاقائی طاقتوں کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ ملک کی سیاست اور مقتدرہ کو درست وقت اور درست سمت کا تعین کرنا ہوگا۔ مشرق وسطیٰ کا مستقبل کیا ہے ، کیا ہونے جا رہاہے۔ روس یوکرین جنگ کا خاتمہ ہو گا یا نہیں مشرق وسطی اور کشمیر کی گونج دہائیوں سے عالمی دنیا کے کونے کونے میں سنائی دے رہی ہے ۔ خون ریزی اور تباہی کی کہانیاں کون نہیں جانتا۔دنیا مسلسل غرق ہور ہی ہے امریکہ اور عالمی قوتوں کے سامنے مسلسل تباہی ہو رہی ہے ۔ آخر کب تک ؟
جملہ حقوق محفوظ ہیں۔ باغی ٹی وی 2025