اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف اور گردونواح میں غیر مسلم جعلی پیروں، نجومیوں اور تعویذ گنڈے کے نام پر کام کرنے والے جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف عوامی ردعمل شدت اختیار کر گیا ہے۔ شہریوں نے ان گروہوں کو سادہ لوح عوام کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان گروہوں پر الزام ہے کہ وہ کالا جادو، جھوٹی کرامات اور تعویذات کے ذریعے نہ صرف مالی لوٹ مار کر رہے ہیں بلکہ خواتین کی عزتوں کو بھی پامال کر رہے ہیں۔
مقامی افراد کے مطابق عباسیہ لنک کینال، محمود ماتم، بگو رام، جانی رام، پیپو رام سمیت متعدد علاقوں میں غیر مسلم افراد کی آڑ میں یہ جعلی روحانی معالج اپنا دھندہ کھلے عام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ متاثرہ شہریوں محمد قاسم خان، عبدالرشید، محمد عامر، یونس عمر، محمود الحسن، اکبر علی اور دیگر نے میڈیا کو بتایا کہ یہ افراد جھوٹے خواب، پیش گوئیاں اور نقلی عملیات کے نام پر لاکھوں روپے بٹور رہے ہیں۔
شہریوں نے انکشاف کیا کہ ان گروہوں کے خفیہ اڈوں پر خواتین کو بند کمروں میں بلایا جاتا ہے جہاں ان کے ساتھ جنسی زیادتی جیسے جرائم سرزد ہو رہے ہیں۔ ان جعلی پیروں کے نیٹ ورک میں ایسے ایجنٹ بھی شامل ہیں جو جھوٹی کہانیاں گھڑ کر سادہ لوح افراد کو ورغلاتے ہیں اور انہیں اپنے جال میں پھنساتے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ تمام حرکات اسلامی تعلیمات اور قرآن مجید کے احکامات کے صریح خلاف ہیں۔ عوام نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس پر خاموش تماشائی بنے رہنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اداروں کی عدم کارروائی ان جرائم پیشہ عناصر کی پشت پناہی کے مترادف ہے۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے اپیل کی ہے کہ ان جعلی پیروں اور نجومیوں کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کیا جائے، ان کے خفیہ اڈے مسمار کیے جائیں، عوام کو شعور دینے کے لیے آگاہی مہم شروع کی جائے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان پر آہنی ہاتھ ڈالیں۔
مقامی آبادی نے خبردار کیا ہے کہ اگر انتظامیہ نے فوری اور موثر کارروائی نہ کی تو وہ سڑکوں پر نکل کر احتجاجی دھرنوں کا آغاز کریں گے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ معاشرے کو اس ناسور سے نجات دلانے کے لیے حکومت کو فوری اور سخت اقدامات کرنا ہوں گے۔