ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع ننکانہ صاحب کے جنرل سیکرٹری ثاقب مجید نے ایران کی ایٹمی تنصیبات پر امریکی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے شعلے بھڑکانے اور عالمی امن کو خطرے میں ڈالنے کی دانستہ کوشش ہے۔

ثاقب مجید نے کہا کہ امریکہ نے اسرائیل کے جنگی جنون کو روکنے کے بجائے خود جنگ کی آگ بھڑکا دی ہے، جس کے بعد پورے خطے اور دنیا کا امن خطرے سے دوچار ہو چکا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ، او آئی سی اور تمام مسلمان ممالک کو اس سنگین صورتحال میں فوری اور مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے زور دیا کہ مسلم ممالک کو اپنی دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانے، اتحاد اور امن و استحکام کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے ہوں گے، کیونکہ جب تک امتِ مسلمہ تقسیم ہے، بیرونی طاقتیں اس کی خودمختاری اور وسائل کو کمزور کرتی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ مسلم دنیا متحد ہو کر ایک مؤثر، دوراندیش اور مشترکہ حکمت عملی اختیار کرے تاکہ عالمی سطح پر اپنے وقار، استحکام اور امن کو یقینی بنایا جا سکے۔

Shares: