مصطفیٰ کمال کی ہدایت پر پی ایس پی فاؤنڈیشن کی جانب سے کرونا ریلیف آپریشن جاری

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس لاک ڈاؤن کی وجہ سے پاک سرزمین پارٹی کے فلاحی ادارے پی ایس پی فاؤنڈیشن کی جانب سے ریلیف کا سلسلہ جاری ہے

پی ایس پی فاؤنڈیشن کی جانب سے کراچی سمیت اندرون سندھ میں بھی غریب اور مستحقین افراد میں راشن تقسیم کیا جا رہا ہے، پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کی ہدایت پر سندھ بھر میں ریلیف آپریشن شروع کیا گیا ہے، فاؤنڈیشن کے رضاکار گھر گھر جا کر راشن تقسیم کرتے نظر آ رہے ہیں

پی ایس پی فاؤنڈیشن کے تحت ضلع ٹھٹھہ اور سجاول ، میر پور، حیدر آباد سمیت دیگر علاقوں میں راشن تقسیم کیا گیا ،اس موقع پر پاک سرزمین پارٹی کے وائس چئیرمین اشفاق منگی ،میمبر نیشنل کونسل مقبول ابڑو ضلع کے ذمہ دار مہر علی شاہ ایڈوکیٹ اور مقصود احمد کھمباٹی بھی موجود تھے ۔

پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ان علاقوں میں امدادی سرگرمیاں کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جہاں کوئی حکومت یا این جی او موجود نہیں، بلوچستان اور سندھ کے بعض اضلاع میں علاج معالجے کی سہولتیں تو درکنار کھانے پینے کی اشیاء کی بھی شدید قلت ہے، لوگ خط غربت کے نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں۔

مصطفیٰ کمال کا مزید کہنا ہے کہ ارباب اختیار ذاتی اور سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر مشکل وقت میں بھی ایک نا ہوسکے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں ایک دوسرے کو ناکام ثابت کرنے کی کوشش کر رہی ہیں نتیجتاً اب این جی اوز سمیت جو بھی زمہ داری محسوس کرے اس پر بھاری زمہ داری آچکی ہے۔ مخیر حضرات سے اپیل کرتا ہوں کہ ہم پورے پاکستان بالخصوص سندھ اور بلوچستان کے ان اضلاع میں بھرپور امدادی سرگرمیاں کر رہے ہیں جہاں لوگ خط غربت سے نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں۔ مشکل گھڑی میں انسانی جانیں سب سے زیادہ قیمتی ہیں، کاروبار تب بنے گا جب ملک کے لوگ بچیں گے اس لیے ضرورت مندوں کی بھرپور مدد کریں۔

مصطفیٰ کمال کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ایسا نظام وضع کیا ہے جس میں امداد حقیقی مستحقین تک ہی پہنچ رہی ہے۔ لوگوں کی دہلیز پر ان کی عزت نفس مجروح کرے بغیر انہیں راشن اور دیگر ضروریات زندگی پہنچا رہے ہیں لیکن اس کیلئے ہمیں صاحب استطاعت لوگوں کی ضرورت ہے کہ وہ آکر اس مشکل گھڑی میں ضرورت مندوں کا ہاتھ تھامیں .

Comments are closed.