مصطفیٰ کمال کی لاہورآمد، داتا دربار پر حاضری، اچھے حکمرانوں کیلئے رب کو راضی کریں، مصطفیٰ کمال
مصطفیٰ کمال کی لاہورآمد، داتا دربار پر حاضری، اچھے حکمرانوں کیلئے رب کو راضی کریں، مصطفیٰ کمال
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چئیر مین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال لاہور کے دورے پر ہیں،چیئرمین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال مرکزی قیادت کے ہمراہ عظیم صوفی بزرگ حضرت علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر حاضری کے لیے داتا دربار پہنچ گئے
پاک سر زمین پارٹی کی ترجمان کے مطابق چیئرمین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال نے داتا دربار پہ فاتحہ خوانی اور ملک کی سلامتی کے لیے دعا کی ،چیئرمین پی ایس پی سید مصطفیٰ کمال کے ہمراہ مرکزی نیشنل کونسل کے اراکین ڈاکٹر فوزیہ حمید، آفاق جمال سینٹرل پنجاب کے صدر بیرسٹر مختار ٹاٹرے کے علاؤہ سینٹرل پنجاب کمیٹی کے اراکین موجود تھے.
قبل ازیں لاہور پہنچنے پر ایئر پورٹ پرمصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالات ٹھیک کرنا حکومت کے بس کی بات نہیں،سارے اختیارات چاروں وزرائے اعلیٰ اورِ وزیرِ اعظم کے پاس ہیں۔اکسی کو بتانے کی ضرورت نہیں، ملک کے حالات ٹھیک نہیں ہیں، مہنگائی عروج پر ہے، پینے کا صاف پانی تک موجود نہیں، سندھ میں ماں باپ اپنے بچوں کی لاشیں اٹھانے پر مجبور ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ حالات ٹھیک ہونے کی امید بھی نہیں ہے، بجلی کی قیمتیں روز بڑھائی جا رہی ہیں، اللّٰہ تعالیٰ ہم سے ناراض ہو گئے ہیں، آئیے معافی مانگیں۔ میرا کردار سب کے سامنے ہے، میرے قول و فعل میں کوئی تضاد نہیں، ہم شارٹ کٹ اور مصلحت پسندی سے اقتدار میں نہیں آنا چاہتے۔
سربراہ پاک سر زمین پارٹی نے یہ بھی کہا کہ ہم بند گلی میں کھڑے ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ 2020ءالیکشن کا سال ہے۔ ملک میں 45 فیصد بچے ایسے ہیں جن کو غذائی قلت ہے، پینےکا لوگوں کوصاف پانی نہیں مل رہا، سندھ میں کتوں کے کاٹنے کی دوا نہیں ہے،12 لاکھ لوگ ایک سال میں بےروزگار ہوگئے اورمہنگائی میں خطرناک اضافہ ہوگیا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آرمی چیف کی توسیع کے دوران بجلی کی قیمتیں بڑھا دی گئیں تاکہ لوگوں کو پتہ نہ چل سکے۔ اب وزیراعظم کے ہاتھوں کی بات نہیں رہی،ہمارا رب ہم سے ناراض ہے،جب ہم نے رب کو راضی کرلیا تو ہمیں اچھے حکمران مل جائیں گے۔
چئیرمین پاک سرزمین پارٹی نے کہا کہ پاکستان میں کوئی شریف آدمی سیاست نہیں کرسکتا کیونکہ ان کے پاس پیسہ نہیں ہے، پاکستان کے مسائل کوئی انسان ٹھیک نہیں کر سکتا، پاکستان میں وزیراعظم سے لے کرکونسلر کی سیٹ تک کوئی کردار والا نہیں بیٹھا۔