کراچی: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اپنی صاحبزادی کو سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین لگوا کر پاکستان میں اس قومی مہم کا باضابطہ آغاز کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں سروائیکل کینسر سے آگاہی اور بچاؤ کے حوالے سے ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر صحت نے اپنی صاحبزادی کو ویکسین لگوائی اور بعد ازاں بیٹی کی انگلی پر خود مارک بھی لگایا۔ اس موقع پر تقریب میں شریک ماہرینِ صحت، خواتین نمائندگان اور طلبہ نے ویکسینیشن مہم کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کا 151 واں ملک ہے جہاں سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بیماری سے ہر سال ہزاروں خواتین متاثر ہوتی ہیں، مگر بروقت ویکسین لگوا کر اس سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ مہم کے آغاز کے ساتھ ہی کچھ حلقوں کی جانب سے گمراہ کن پروپیگنڈا سامنے آیا ہے، لیکن حکومت عوام کو درست معلومات فراہم کرنے اور غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "میں نے اپنی بیٹی کو ویکسین لگوا کر یہ پیغام دیا ہے کہ یہ حفاظتی اقدام بالکل محفوظ ہے۔ اپنی 30 سالہ سیاسی زندگی میں کبھی اپنی فیملی کو میڈیا کے سامنے نہیں لایا، لیکن آج قوم کی ہر بیٹی کی جان بچانے کے لیے اپنی اکلوتی بیٹی کو سامنے لایا ہوں۔”

وفاقی وزیر صحت نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنی بچیوں کو بروقت یہ ویکسین لگوائیں تاکہ مستقبل میں مہلک بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔ ان کے مطابق یہ اقدام نہ صرف خواتین کی صحت کے تحفظ کے لیے اہم ہے بلکہ پاکستان کو صحت مند معاشرے کی طرف لے جانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

Shares: