مصطفیٰ عامر اغوا اور قتل کیس کی مکمل تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، جس میں مرکزی ملزم ارمغان قریشی کے خلاف درج مقدمات اور تحقیقات کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔

تفتیشی رپورٹ کے مطابق ارمغان قریشی خیابان مومن میں ایک بنگلے میں کال سینٹر چلاتا تھا، جہاں 30 سے 40 افراد کام کرتے تھے۔ اس کے علاوہ، ارمغان نے غیر قانونی طور پر شیر کے تین بچے بھی اپنے بنگلے میں رکھے ہوئے تھے اور وہاں 30 سے 35 سکیورٹی گارڈز بھی تعینات تھے۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ارمغان قریشی کے خلاف 2019 میں بیرون ملک سے منشیات منگوانے کے الزام میں کسٹم نے مقدمہ درج کیا تھا، جس میں بعد ازاں ملزم نے ضمانت حاصل کر لی تھی۔ اس کے علاوہ، اس پر تھانہ گزری، کلفٹن، درخشاں اور بوٹ بیسن میں بھی مقدمات درج ہو چکے ہیں۔نیو ایئر نائٹ پر ارمغان نے اپنے بنگلے پر ایک پارٹی کا انعقاد کیا تھا، جہاں اس کا دوست شیراز بھی موجود تھا، تاہم مصطفیٰ عامر اس پارٹی میں شریک نہیں ہوا تھا۔ اگلے روز، ایک لڑکی اور ارمغان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد وہ لڑکی چلی گئی۔ 6 جنوری کو ارمغان نے شیراز کو دوبارہ بلایا اور نشہ کیا، اسی رات مصطفیٰ بھی وہاں آیا، جس کے بعد دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا۔

جھگڑے کے دوران، ارمغان نے مصطفیٰ کو لوہے کی راڈ سے مارا، پھر اس کے ہاتھ پیر سفید چادر سے باندھ کر سیڑھیوں سے گھسیٹ کر نیچے لے گیا۔ مصطفیٰ کی گاڑی بنگلے میں موجود تھی، جس میں اس کی لاش ڈال کر حب لے جائی گئی۔ راستے میں اس کے موبائل اور دیگر سامان کو ٹھکانے لگایا گیا اور گاڑی کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی گئی۔قتل کے بعد، ارمغان اور شیراز پیدل کراچی واپس آئے، راستے میں مختلف گاڑیوں سے لفٹ لیتے رہے۔ جب مصطفیٰ کی والدہ نے ارمغان سے بیٹے کے بارے میں پوچھا، تو وہ اور شیراز اسلام آباد چلے گئے۔ بعد ازاں، پولیس نے بنگلے پر چھاپہ مارا، جس دوران ارمغان نے پولیس پر فائرنگ کی۔ تاہم، کافی دیر مقابلے کے بعد پولیس نے اسے گرفتار کر لیا اور گھر میں چھپایا گیا اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔

ارمغان قریشی پر درج مقدمات کی تعداد 11 ہے، جن میں سے 2 مقدمات میں وہ صلح نامہ کر چکا ہے۔ درج مقدمات درج ذیل ہیں
2019 میں ساحل تھانے میں شہری کو دھمکانے کا مقدمہ
درخشاں تھانے میں شہری کو جان سے مارنے کی دھمکی اور ہوائی فائرنگ کا مقدمہ
گزری تھانے میں گاڑی فروخت کے تنازع پر شہری کو تشدد اور دھوکہ دہی کا مقدمہ
درخشاں تھانے میں ٹینکر پر فائرنگ اور ٹائر برسٹ کرنے کا مقدمہ
بوٹ بیسن تھانے میں وکیل کو دھمکیاں دینے کا مقدمہ
درخشاں تھانے میں مصطفیٰ عامر کے اغوا کا مقدمہ
اے وی سی سی تھانے میں پولیس مقابلہ اور اقدام قتل کا مقدمہ
غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے دو مقدمات
کوریئر کے ذریعے منشیات منگوانے کے دو مقدمات

عدالت نے ملزم ارمغان قریشی کو 15 مارچ کو طلب کر رکھا ہے، جہاں اس کے خلاف درج مقدمات کا ریکارڈ پیش کیا جائے گا۔یہ کیس ملک میں جرائم، منشیات، اور غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلقہ قوانین کے نفاذ کے حوالے سے ایک بڑی مثال بن سکتا ہے، اور اس کیس کی پیش رفت پر عوام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

Shares: