ڈسکہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک عمران) خلق محمدی فاؤنڈیشن (KMF) نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے، چیئرمین الحاج بابا جی محمد خالد محمود مکی مدنی، صاحبزادہ عثمان خالد اور صاحبزادہ ڈاکٹر حسان خالد کی زیرنگرانی ایک خصوصی پروگرام کے تحت 12 یتیم اور مستحق بیٹیوں کو مکمل جہیز پیکج فراہم کیا۔ یہ تقریب انتہائی رازداری کے ساتھ منعقد کی گئی تاکہ مستحق خاندانوں کی عزت نفس مجروح نہ ہو۔

اس پروقار تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر چوہدری سلیم یونس چیمہ (چیئرمین اینجلز سکول سسٹم)، قاضی شبیر (سابق چیئرمین یونین کونسل)، خواجہ عاطف پاشی (سابق چیئرمین بلدیہ ڈسکہ)، سعید چیمہ (صدر آل پاکستان پرائیویٹ سکول سسٹم)، سیف بٹ (ماہر تعلیم)، قاری اعظم سعید اور محمودالحسنین ایڈووکیٹ سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔

یتیم اور مستحق بچیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے صاحبزادہ عثمان خالد نے نہایت محبت بھرے انداز میں کہا کہ "میں آپ کا بھائی ہوں اور اللہ پاک آپ کی آئندہ زندگی اور نصیب بہترین فرمائے۔ اگر مستقبل میں آپ کو کسی بھی قسم کی کوئی مشکل پیش آئے تو میں اور میری پوری ٹیم ہر حال میں آپ کی مدد کے لیے حاضر ہیں۔”

تقریب کے مہمانان گرامی نے انتہائی احترام اور عزت کے ساتھ ان بیٹیوں کے سروں کو چادر سے ڈھانپا، جو اس بات کی علامت تھی کہ معاشرہ ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

شرکاء نے خلق محمدی فاؤنڈیشن کے دیگر فلاحی منصوبوں، جن میں فری لنگر خانے، فری ڈسپنسری اور فری ایمبولینس سروسز شامل ہیں، کی بھی بھرپور تعریف کی اور ان کی انسانیت دوست کاوشوں کو سراہا۔ فاؤنڈیشن کا یہ اقدام معاشرے کے کمزور طبقات کی مدد کرنے اور ان کی زندگیوں میں خوشیاں لانے کے لیے ایک قابل تقلید مثال ہے۔

Shares: