پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ آج دنیا بھر میں خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، خواتین کے خلاف تشدد صرف ایک فرد کا ذاتی مسئلہ نہیں بلکہ ایک سماجی مسئلہ ہے جو مساوات و انصاف کے بنیادی اصولوں کو نقصان پہنچاتا ہے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ایک محفوظ اور مساوی معاشرہ تشکیل دینے کے حوالے سے بہت ہی واضع موقف ہے۔ ہم نے ہمیشہ اس مسئلے کے حل کے لیے آگاہی، وکالت، اور قانون سازی کے ذریعے اہم اقدامات کیے ہیں۔ اس سلسلے میں اینٹی آنر کلنگز (کرمنل لاز ترمیمی ایکٹ)، کام کی جگہ پر خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف تحفظ ایکٹ کی منظوری ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ سینیٹ نے چائلڈ میریج ریسٹرینٹ بل کی منظوری دی۔ یہ قوانین پاکستانی معاشرے میں رائج ان سماجی رویوں کو چیلنج کرنے کی اہم کوشش ہیں جو خواتین کے خلاف تشدد کو فروغ دیتے ہیں۔ تاہم یہ سفر ابھی ختم نہیں ہوا۔ گھریلو تشدد، ہراسانی، زبردستی شادی، اور انسانی اسمگلنگ جیسی مختلف اقسام کے صنفی تشدد نے پاکستان میں لاکھوں خواتین کو متاثر کیا ہے۔ ہمیں روایتی رویوں کے خاتمے کے لیے مزید کرنا ہوگا جو خواتین کے خلاف تشدد کو معمول بناتے ہیں۔ آج کے دن میں تمام پاکستانیوں سے اپیل کرتی ہوں کہ عورتوں پر تشدد کے خلاف متحد ہو کر آواز اٹھائیں۔ پیپلز پارٹی خواتین کے خلاف ہر قسم کے تشدد کے خاتمے کی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔