مظفرآباد: گورنمنٹ مڈل اسکول بلاسیٹھو میں یومِ تاسیس کی پروقار تقریب

مظفرآباد (باغی ٹی وی رپورٹ) گورنمنٹ مڈل اسکول بلاسیٹھو، ضلع جہلم ویلی میں 24 اکتوبر 2024 کو یومِ تاسیس کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں بڑی تعداد میں مقامی افراد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

تقریب میں تینوں سیاسی جماعتوں کے مقامی اراکین نے خصوصی طور پر شرکت کی اور اسکول کی انتظامیہ، خصوصاً ہیڈ ماسٹر سید شبیر حسین کاظمی کی کاوشوں کو سراہا۔ مقررین نے کہا کہ سید شبیر حسین کی محنت اور لگن کی بدولت اسکول نے تعلیمی میدان میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔

تاہم تقریب میں محکمہ تعلیم کی عدم توجہی پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ مقررین نے شکایت کی کہ دور دراز علاقوں میں تعلیمی عمل متاثر ہو رہا ہے کیونکہ اساتذہ وہاں تعیناتی سے گریز کرتے ہیں اور بعض افسران کی ملی بھگت سے کئی اساتذہ گھر بیٹھے تنخواہیں اور مراعات وصول کرتے ہیں۔

مقررین نے کہا کہ محکمانہ انکوائری کے باوجود ایسے اساتذہ کو عہدوں پر بحال کر دیا جاتا ہے، جس سے ہونہار طلبہ کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ طلبہ قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی تعلیم میں رکاوٹ ڈالنا قوم کے مستقبل کے ساتھ ناانصافی ہے۔

شرکاء نے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ اسکول کے مسائل پر توجہ دیں اور اساتذہ کی تعیناتی کے عمل کو شفاف بنائیں تاکہ دور دراز کے علاقوں میں بھی تعلیمی معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔

Comments are closed.