گوجرانوالہ (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ورکرز (پی ایف یو جے ورکرز) کے نائب صدر ملک توصیف احمد، فنانس سیکریٹری بلال عزت نقوی اور سیکریٹری انفارمیشن عبدالرزاق چشتی نے اپنے مشترکہ بیان میں مظفر آباد آزاد کشمیر پولیس کی جانب سے صحافی حمزہ کاٹل پر تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔

رہنماؤں نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور وہ صحافیوں کو جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات اور ریاستی جبر کے ذریعے خاموش کروانا چاہتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صحافت کو اندھا، گونگا اور بہرہ نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کی بجائے ان پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے اور حمزہ کاٹل پر پولیس کا تشدد آزاد کشمیر حکومت کی آمرانہ پالیسیوں کا واضح ثبوت ہے، جو کہ عالمی دنیا کے لیے ناقابل قبول رویہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ایف یو جے ورکرز صحافیوں کے حقوق اور آزادی صحافت کے لیے ہر ممکن فورم پر آواز بلند کرے گی۔ اگر آزاد کشمیر اور پاکستان میں صحافیوں کو انصاف فراہم نہ کیا گیا تو عالمی سطح پر صحافیوں پر تشدد کی تصاویر اور پیکا کے تحت درج مقدمات کی تفصیلات شیئر کی جائیں گی اور اس صورتحال پر اقوام متحدہ کو بھی باضابطہ مراسلہ بھیجا جائے گا۔

تینوں رہنماؤں نے وزیر اعظم آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا کہ صحافی حمزہ کاٹل پر تشدد میں ملوث تمام پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج کیا جائے اور متاثرہ صحافی کو انصاف فراہم کیا جائے۔

Shares: