مظفرگڑھ: نرس سے زیادتی کی کوشش ناکام، مرکزی ملزم گرفتار

مظفرگڑھ(باغی ٹی وی رپورٹ)نرس سے زیادتی کی کوشش ناکام، مرکزی ملزم گرفتار

تفصیلات کے مطابق مظفرگڑھ میں نرس سے زیادتی کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ 2 روز قبل رات کواس وقت پیش آیا جب نرس نجی اسپتال سے گھر جانے کے لیے کچہری چوک پر رکشے میں سوار ہوئی۔

نرس کو رکشہ ڈرائیور کی جانب سے راستہ بدلنے پر شک ہوا، جس پر اس نے فوری طور پر اسپتال کی لیڈی ڈاکٹر کو اپنی لوکیشن بھیج دی۔ لیڈی ڈاکٹر نے فوری طور پر پولیس اہلکار سے رابطہ کیا اور ملزمان کا تعاقب شروع کر دیا۔

پولیس نے بتایا کہ مونڈکا بائی پاس کے قریب ملزمان نے نرس کو باندھ کر زیادتی کی کوشش کی، تاہم پولیس کی بروقت مداخلت اور ہوائی فائرنگ سے ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔

بعد ازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے زیادتی کی کوشش میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا اور اس کے قبضے سے نرس کا موبائل فون بھی برآمد کر لیا۔ دوسرے ملزم کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق اس واقعے کا مقدمہ دو ملزمان کے خلاف درج کر لیا گیا ہے اور رکشہ تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ملزم کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Comments are closed.