مظفرگڑھ (باغی ٹی وی رپورٹ) تھانہ روہیلانوالی کی حدود ماہڑہ میں غیرت کے نام پر لرزہ خیز واقعہ، سگے بھائی نے ناجائز تعلقات کے شبہ میں بہن پر درانتی اور کلہاڑیوں سے حملہ کر دیا، شدید زخمی لڑکی کو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسپتال منتقل کیا اور زندگی بچالی۔ ورثا کی خاموشی پر پولیس نے از خود مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ماہڑہ کے رہائشی سجاد نامی شخص نے اپنی سگی بہن اقرا بی بی پر غیرت کے نام پر حملہ کرتے ہوئے اسے قتل کرنے کی کوشش کی۔ ملزم نے درانتی اور کلہاڑیوں کے وار سے لڑکی کو شدید زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر تھانہ روہیلانوالی پولیس موقع پر پہنچی، جہاں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا اقرا بی بی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر کے اس کی جان بچا لی گئی۔
پولیس کے مطابق ورثا نے بیٹی کو بچانے اور ملزم کے خلاف کارروائی سے انکار کر دیا، جس پر پولیس نے اپنی مدعیت میں سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا اور فرار ہونے والے ملزم سجاد کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ڈی ایس پی صدر سرکل مرزا محمد صدیق کے مطابق لڑکی کی حالت اب بہتر ہے، اور ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، تاکہ عدالت سے اسے سخت سے سخت سزا دلوائی جا سکے۔
یہ واقعہ ایک بار پھر معاشرتی بے حسی اور غیرت کے نام پر تشدد کے بھیانک چہرے کو بے نقاب کرتا ہے، جہاں پولیس نے بروقت کارروائی کر کے ایک معصوم جان کو بچا لیا۔








