اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میری حکومت ضرور آئے گی پھر میں ان کو نہیں چھوڑوں گا۔ عوام سے ویڈیو خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ انہیں لگتا ہے جو جج ان کے خلاف فیصلہ کرے گا اس کے پیچھے لگ جاتے ہیں، جو بھی آج ایکشن کررہا ہے اسے میں نہیں چھوڑوں گا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ پہلے تو آپ نے غیر قانونی چیزیں کیں لیکن اس بار آپ نہیں بچیں گے، 90 دن کے بعد نگراں حکومت نہیں رہ سکتی، ہمارے دور میں نیب نے 480 ارب ریکور کیے۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ یہ اپنی دولت بھی پاکستان لے آئیں تو مہنگائی ختم ہوجائے گی، 10 ماہ میں حکومت کے ساتھ وہ کیا جو دشمن بھی نہیں کرتا، ہمارے دور میں تیل 110 ڈالر فی بیرل تھا آج 75 سے 80 ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں سے قربانیاں لے رہے ہیں خود بھی کچھ کریں، ہمارے سامنے مگر مچھ کے آنسو نہ بہائیں، قوم اب بیوقوف نہیں بنے گی لوگ سڑکوں پر آنے کے لیے تیار ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ جس طرح لاہور کے لوگ نگلے خراج تحسین پیش کرتا ہوں، آج پاکستان گھٹنوں کے بل کھڑاہے، ملک میں ایک طرف بے روزگاری دوسری طرف مہنگائی بڑھ رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت گراکر ملک کے خلاف سازش کی گئی، اس سب کے ذمہ دار آپ اور آپ کے سہولت کار ہیں، ہمارے دور میں ملک میں تاریخی ڈالر آئے تھے۔
’چیئرمین نیب ان کا خاص آدمی تھا، وہ بھی کہہ رہا ہے جھوٹے کیسز بنائے گئے‘چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ چیئرمین نیب ان کا خاص آدمی تھا، وہ بھی کہہ رہا ہے جھوٹے کیسز بنائے گئے، مجھ پر 70 ایف آئی آر ہیں، کوئی فکر نہیں جتنی مرضی کریں، لوگوں کا خوف دور کرنے کے لیے ہی جیل بھرو تحریک شروع کی۔
عمران خان نے کہا کہ ملک سے بھاگا ہوا بھگوڑا باہر بیٹھ کر ملک کےفیصلےکررہا ہے،اس ملک کا کیا مستقبل ہوگا جہاں ایک مفرور ملک کے فیصلے کررہا ہے، شہباز شریف 24 ارب کے کرپشن کیس میں پکڑا جانے والا تھا۔