لاہور کے علاقے ڈیفنس سی میں ایک تشویشناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں آفتاب میو نے مزدوروں پر تشدد کیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی کینٹ قاضی علی رضا کی ہدایت پر ڈیفنس سی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور اسے بند حوالات میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایس پی کینٹ قاضی علی رضا نے بتایا کہ ملزم افتاب میو نے مزدوروں پر تشدد کی ویڈیو خود بنائی اور اسے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دیا تھا۔ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ کسی بھی شہری پر ظلم کرے۔ پولیس کی جانب سے ایس ایچ او ڈیفنس سی رضا عباس اور ان کی ٹیم کو بروقت کارروائی پر شاباش دی گئی ہے۔
ایس پی کینٹ قاضی علی رضا نے واضح کیا کہ شہریوں پر تشدد کرنے والے عناصر کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا تاکہ ایسے واقعات کا دوبارہ سدباب ہو سکے۔








