ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ننکانہ صاحب کی کاروباری برادری کے لیے ایک تاریخی پیش رفت ہوئی ہے، جہاں ضلع میں پہلی بار چیمبر آف کامرس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے سرپرست اعلیٰ اور ممتاز صنعتکار ایس ایم تنویر، سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری، اور ملک بھر سے آنے والے کاروباری نمائندوں نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں محمد عارف (چکوال چیمبر)، کاشف کھوکھر (صدر قصور چیمبر)، ملک محمد شبیر (صدر تلہ گنگ چیمبر)، راجا امتیاز عباسی (صدر مری چیمبر)، منظور الحق (شیخوپورہ چیمبر)، اور عبدالراؤف مختار (رحیم یار خان چیمبر) سمیت ملک بھر کے اہم تاجر و صنعتکار شامل تھے۔ اس موقع پر میاں ندیم جالندھری نے اپنے ساتھیوں سمیت یو بی جی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
ایس ایم تنویر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر حکومت شرح سود 11 فیصد سے کم کر کے 6 فیصد کرے تو سالانہ 3.5 ٹریلین روپے بچائے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے ننکانہ صاحب کو نہ صرف ایک مذہبی مقام بلکہ ایک ممکنہ Geo-Economic Hub قرار دیتے ہوئے تجویز دی کہ یہاں صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں، جن سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔
ظفر بختاوری نے چیمبر آف کامرس کو ایک فعال اور مضبوط ادارہ بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور اس کی مستقل عمارت کی جلد تعمیر کی نوید دی۔ انہوں نے چیمبر کے صدر میاں ندیم جالندھری اور ان کی ٹیم کو مکمل تعاون فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔
مقررین نے کہا کہ چیمبر آف کامرس کے قیام سے مقامی صنعت، زراعت، اور خاص طور پر چاول، دودھ اور دیگر دیہی مصنوعات کو قومی و عالمی منڈیوں میں متعارف کروانے میں مدد ملے گی۔ اس پلیٹ فارم سے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ علاقے میں معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں اور بعد ازاں تمام تاجر نمائندوں نے بابا گورو نانک کے جنم استھان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے حکومتِ پاکستان کی تزئین و آرائش کی کوششوں کو سراہا۔
یہ اقدام ننکانہ صاحب کے معاشی افق پر ایک روشن باب کا آغاز ثابت ہوگا۔