ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) عیدالاضحیٰ کے موقع پر ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 ننکانہ صاحب نے ایمرجنسی کور پلان کو حتمی شکل دے دی ہے۔ اس سلسلے میں ضلعی ہیڈکوارٹرز میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں کنٹرول روم انچارج محمد نوید، ریسکیو سیفٹی آفیسر علی عمران، اسٹیشن کوآرڈینیٹر سعید احمد، میڈیا کوآرڈینیٹر علی اکبر اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے دوران ریسکیو سروسز کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا اور تمام انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار کے مطابق عید کے دنوں میں ریسکیو 1122 کا عملہ معمول کی ایمبولینس سروس اور پیشنٹ ٹرانسفر کے علاوہ جامع مساجد میں نماز عید کے دوران ریسکیو کور فراہم کرے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ شہر کے اہم مقامات پر موٹر بائیک سروس، ایمبولینس، فائر وہیکلز اور موبائل ریسکیو پوسٹس بھی قائم کی جائیں گی۔
علاوہ ازیں، نہروں کے حساس مقامات پر واٹر ریسکیو ٹیمیں تعینات کی جائیں گی اور نہروں میں نہانے پر دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ قربانی کے جانور ذبح کرتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بچوں کو محفوظ فاصلے پر رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
ریسکیو 1122 کی جانب سے تمام اسٹاف کی چھٹیاں محدود کر دی گئی ہیں تاکہ عید کے دوران ہر قسم کی ایمرجنسی سے بروقت نمٹا جا سکے۔