ننکانہ صاحب، باغی ٹی وی ( نامہ نگار احسان اللہ ایاز)قائداعظم محمد علی جناح کے 148ویں یوم ولادت کے موقع پر ضلع کونسل ہال ننکانہ صاحب میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے کی اور پرچم کشائی کی رسم انجام دی۔
تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر وجہیہ ثمرین، سی او ایجوکیشن، ضلعی افسران، سیاسی و سماجی شخصیات اور صحافی برادری سمیت بڑی تعداد میں شرکاء موجود تھے۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی دی، جبکہ ڈپٹی کمشنر نے شرکاء کو قائداعظم کے یوم ولادت اور کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ قائداعظم ایک عہد ساز شخصیت اور عظیم رہنما تھے جن کے اصول ایمان، اتحاد اور تنظیم پر عمل پیرا ہو کر قوم ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم قائداعظم کے وژن کے مطابق پاکستان کو مضبوط اور مستحکم بنانے کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظم نے اپنی حکمت، عزم اور قربانیوں سے پاکستان کے قیام کی بنیاد رکھی، اور ان کی بصیرت نہ صرف سیاسی بلکہ مساوات، انصاف اور عوام کی فلاح و بہبود پر مبنی تھی۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
Baaghi Digital Media Network | All Rights Reserved