نارنگ منڈی (نامہ نگار محمد وقاص قمر) دریائے راوی میں آنے والے سیلاب سے شدید متاثرہ سرحدی دیہات میں فلاحی تنظیموں اور شہریوں کی جانب سے ہزاروں متاثرین میں راشن تقسیم کیا گیا۔ متاثرہ خاندانوں کے لیے صبح کا ناشتہ، دوپہر اور رات کے کھانے کے ساتھ ساتھ ادویات کا بھی انتظام کیا گیا جبکہ دریائے راوی کے پار پھنسے سینکڑوں مویشیوں کے لیے چارہ پہنچایا گیا۔

امدادی کاموں میں اللہ والے ٹرسٹ، منہاج القرآن کی تنظیمات، جماعت اسلامی، مسلم لیگ ن، تعبیر فاؤنڈیشن سمیت مقامی شہریوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ فلاحی تنظیموں کے ذمہ داران اور شہریوں کا کہنا ہے کہ مخیر حضرات کے تعاون سے متاثرین کو دن میں تین وقت کا کھانا فراہم کیا جارہا ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کے باعث زرعی رقبہ زیر آب آنے سے جانوروں کے چارے کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے جس کے پیش نظر مویشیوں کو سائلیج، ادویات اور خشک چارہ فراہم کیا گیا ہے۔ فلاحی تنظیموں نے اعلان کیا ہے کہ مصیبت کی اس گھڑی میں دکھی بہن بھائیوں کی خدمت جاری رہے گی اور ان کی آبادکاری تک ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔

Shares: