ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) کمشنر لاہور ڈویژن زید بن مقصود کی زیر صدارت ریجنل اور ضلعی امن کمیٹیوں کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل، ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ، ڈی پی او سید ندیم عباس، اسسٹنٹ کمشنرز، اے ڈی سیز، ضلعی امن کمیٹی ممبران، علماء کرام اور سکھ برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر امن و امان، صفائی، قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کی مناسب تلفی، کھالوں کے جمع کرنے کے ضابطے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ جیسے اہم نکات پر غور کیا گیا۔ کمشنر لاہور زید بن مقصود نے کہا کہ ننکانہ صاحب بھائی چارے اور رواداری کی سرزمین ہے، اور اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے تمام مذاہب اور مکاتب فکر کو ساتھ لے کر امن کے ماحول کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

علماء کرام سے اپیل کی گئی کہ وہ خطبات کے ذریعے عوام میں صفائی، قانون کی پاسداری اور مذہبی رواداری کا پیغام دیں۔ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں شاپر میں ڈال کر مقررہ مقامات پر پہنچانے کی ترغیب دی جائے تاکہ صفائی کا معیار بہتر ہو۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ بغیر اجازت کھالیں جمع کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا اور ضلعی کنٹرول روم عید کے ایام میں فعال رہے گا تاکہ صفائی اور دیگر عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جا سکے۔

عید کے موقع پر پولیس کی جانب سے ضلع بھر میں سخت سیکیورٹی اقدامات، مساجد و عید گاہوں پر نفری کی تعیناتی، لاوڈ اسپیکر، ون ویلنگ اور ہلڑ بازی کے خلاف کارروائی کا بھی اعلان کیا گیا۔

اجلاس کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ بعد ازاں کمشنر لاہور زید بن مقصود نے ننکانہ صاحب میں مویشی منڈیوں اور سیل پوائنٹس کا دورہ کیا، جہاں شہریوں اور بیوپاریوں کے لیے فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ لیا اور ضلعی انتظامیہ کو مزید بہتری کی ہدایات جاری کیں۔

Shares: