ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب ویژن کے تحت ننکانہ صاحب میں ٹریفک قوانین سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے بھرپور آگاہی مہم جاری ہے۔ اس سلسلے میں ضلع بھر میں ریلیاں نکالی گئیں، جن کی قیادت سٹی ننکانہ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سید ندیم عباس نے ڈی ایس پی ٹریفک کے ہمراہ کی۔

ریلیوں میں انجمن تاجران، ڈی ایس پیز، طلباء، سول سوسائٹی اور میڈیا نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔ اس مہم کا مقصد شہریوں میں ٹریفک قوانین کی اہمیت اجاگر کرنا اور سڑکوں کو محفوظ بنانا ہے۔

ڈی پی او سید ندیم عباس نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کم عمر بچوں کو ڈرائیونگ نہ کرنے دیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کارروائیاں جاری ہیں اور عوامی تعاون ہی ٹریفک نظام کو بہتر بنا سکتا ہے۔

تاجر برادری نے بھی پولیس کے ساتھ تعاون کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مہم میں ضلعی پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں تاکہ ننکانہ صاحب کو ایک محفوظ اور قانون پسند شہر بنایا جا سکے۔

Shares: