اسلام آباد: نیب نےسابق خاتون اول بشری بی بی کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا ہے-
باغی ٹی وی: نیب راولپنڈی کی ٹیم خیبر پختونخواہ بھجوا دی گئی،بشری بی بی کو 190ملین پاؤنڈ کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی بنا پر گرفتار کیا جائے گا-
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 22 نومبر کو 8 سماعتوں سے مسلسل عدم پیشی پر بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے،بشریٰ بی بی کے وکیل نے طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی تھی جس پر نیب کے وکیل نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ بشریٰ بی بی کا میڈیکل لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور کا ہے جب کہ تصدیق اسلام آباد سے ہوئی، ملزمان نے آج بھی 342 کا بیان جمع نہیں کرایا۔
جس پر عدالت نے بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے نیب کو بشریٰ بی بی کو گرفتار کرکے 26 نومبر کو پیش کرنے کی ہدایت کی تھی اور بشریٰ بی بی کے ضامن کو بھی شوکاز جاری کیا تھا-
ذرائع کے مطابق نیب کی ٹیم 3 روز قبل بھی خیبر پختونخوا میں بشریٰ بی بی کی گرفتاری کی کوشش کرتی رہی، آج دوبارہ سے نیب کی ٹیم گرفتاری کے لیے تشکیل دی گئی ہے نیب خیبر پختونخوا کو بھی ٹیم سے مکمل تعاون کی ہدایت جاری کی گئی ہے، بشریٰ بی بی کی گرفتاری کے لیے خیبر پختونخوا پولیس کی بھی مدد لی جائےگی۔