قومی احتساب بیورو (نیب) خیبرپختونخوا نے آمدنی سے زیادہ اثاثہ جات سے متعلق معاملے میں وزیر اعلی علی امین گنڈاپور کے معاون خصوصی امجد علی کو طلب کرلیا۔
کوہستان 36 ارب میگا کرپشن کیس میں اعظم سواتی کو بھی نیب نے دوبارہ طلب کرلیا مبینہ کرپشن پر معاون خصوصی امجد علی کو 17 جولائی کو نیب میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے، اور نیب میں 2013 سے اب تک اثاثوں اور ٹیکس جمع کرنے کی تفصیلات جمع کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
نیب خیبر پختونخوا نے اعظم سواتی کو بھی 17 جولائی کو پیش ہونے کی ہدایت کر دی نیب کا کہنا تھا کہ کوہستان 36 ارب روپے کرپشن میں جو دستاویز پیش کیے ہیں اس میں کچھ خامیاں موجود ہیں، ضلع کوہستان میں سرکاری فنڈز کے غیر قانونی اخراجات کی تحقیقات جاری ہیں۔
نیب کی جانب سے جاری سمن میں کہا گیا ہے کہ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس، اے جی آفس اور پرائیویٹ کنٹریکٹرز پر اربوں کی مبینہ خوردبرد میں ملوث ہونےکا الزام ہے،سرکاری خزانے سے 36 ارب روپے سے زائد کی رقم مبینہ غیرقانونی طریقے سے نکالنےکا انکشاف ہوا ہے،اعظم سواتی کو 17 جولائی کو نیب پشاور آفس طلب کیا گیا ہے، اعظم سواتی کو ریکارڈ میں خامیوں کی وضاحت کے لیے نیب کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے، عدم پیشی کی صورت میں اعظم سواتی کے خلاف سخت کارروائی ہو سکتی ہے۔