اداکار، ہدایت کار و پروڈیوسر نبیل ظفرکی اہلیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے نبیل کی پی ٹی وی کے ڈرامے میں اداکاری دیکھ کر ان سے شادی کا فیصلہ کیا تھا۔
باغی ٹی وی : حال ہی میں نبیل ظفر اہلیہ سلمیٰ ظفر کے ہمراہ آج ٹی وی کے شو ’دی کپل شو‘ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے نہ صرف پیشہ ورانہ زندگی پر کھل کر بات کی بلکہ انہوں نے ذاتی زندگی پر بھی مداحوں کو آگاہ کیا۔
پروگرام میں نبیل ظفر کی اہلیہ نےبتایا کہ انہوں نے نبیل کی پی ٹی وی کے ڈرامے میں اداکاری دیکھ کر ان سے شادی کا فیصلہ کیا تھا۔
سلمیٰ ظفر کے مطابق ایک دن وہ اپنی سہیلی کے ساتھ نبیل کا ڈراما ’دھواں‘ دیکھ رہی تھیں کہ انہوں نے سہیلی کو بتایا کہ لڑکی کو شادی کرنی چاہیے تو دھواں کے داؤد سے کرنی چاہیے، ورنہ کرنی ہی نہیں چاہیے۔
سلمیٰ ظفر کا کہنا تھا کہ انہوں نے سہیلی کو وہ بات مذاق میں کہی تھی مگر پھر انہوں نے نبیل کے ساتھ شادی کرنے کی بات کو سچ ثابت کیا اور شادی کے بعد ان کی سہیلی نے انہیں اپنی بات یاد دلائی۔
دوسری جانب پروگرام میں نبیل نے اعتراف کیا کہ وہ سلمیٰ کی جدوجہد اور محبت کی قدر کرتے ہیں اور انہوں نے سلمیٰ سے شادی وقت صرف ایک شرط رکھی تھی کہ وہ شادی کے بعد سلمیٰ کی خاطر انگلینڈ نہیں جائیں گے بلکہ پاکستان میں ہی رہیں گے۔
نبیل نے انکشاف کیا کہ انہوں نے اہلیہ کو حق مہر میں 500 روپے دیے تھے اور ان کی اہلیہ نے شادی کے بعد پاکستان میں رہنے کی شرط کو قبول کیا۔
خیال رہے کہ نبیل نے 1990 کے بعد اداکاری کا آغاز کیا تھا، انہیں مقبول ڈرامے ’دھواں‘ میں داؤد کا کردار ادا کرنے کے بعد شہرت ملی جب کہ ’بلبلے‘ میں کام کرنے کے بعد وہ شہرت کی نئی بلندیوں پر پہنچے۔