قومی احتساب بیورو (نیب) نے قومی اثاثوں، عوامی مفاد اور ملکی خزانے سے لوٹی گئی رقوم کی واپسی کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

نیب کے مطابق سال 2025 کی دوسری سہ ماہی (اپریل تا جون) میں 3.456 ارب روپے کی ریکارڈ بازیابی کی گئی، جو پہلی سہ ماہی کی 1.91 ارب روپے کی ریکوری کے مقابلے میں 29.365 ارب روپے زیادہ ہے۔ پہلی دو سہ ماہیوں میں مجموعی طور پر 31.547 ارب روپے کی وصولی کی گئی، جن میں 33.532 ارب روپے مالیت کی منقولہ و غیر منقولہ جائیدادیں وفاقی و صوبائی اداروں کے حوالے کی گئیں۔مزید برآں عوام سے دھوکہ دہی کے مختلف مقدمات میں 12,611 متاثرین کو ان کی لوٹی گئی رقوم واپس دلائی گئیں۔

گزشتہ دو برسوں میں نیب نے 73.5854 ارب روپے (5.854 کھرب روپے) کی ریکارڈ ریکوری کی، جو نیب کے قیام سے اب تک کی گئی 8.839 ارب روپے کی ریکوری کے مقابلے میں 700 فیصد زیادہ ہے۔

2025 کی دوسری سہ ماہی میں نیب کی نمایاں کامیابیاں:

نیب راولپنڈی نے اسلام آباد کے سیکٹر E-11 میں 51 کنال قیمتی سرکاری اراضی (29 ارب روپے مالیت) برآمد کر کے سی ڈی اے کے حوالے کی۔عوام سے دھوکہ دہی کے بڑے مقدمے (B4U) میں 3 ارب روپے کی رقم بازیاب کر کے 17,214 متاثرین میں تقسیم کی جائے گی، جبکہ مزید 4 ارب روپے کی وصولی متوقع ہے۔بینکرز سٹی کیس میں 640 کنال 11 مرلہ قیمتی اراضی متاثرین میں تقسیم کے لیے حاصل کی گئی۔سکھر نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی 25 ارب روپے مالیت کی زمین بازیاب کرائی۔

سندھ کے محکمہ تعلیم و خواندگی کی 127 کنال 15 مرلہ اراضی (160.895 ملین روپے مالیت) واپس لی گئی۔جنگلات کی زمین سے جون 2025 تک 270.384 ارب روپے کی ریکوری کی گئی، جس سے جنگلات کی مجموعی برآمدگی 1,487.77 ارب روپے ہو گئی۔نیب لاہور نے ایڈن کیس میں 3.2 ارب روپے کی رقم 11,880 متاثرین میں تقسیم کی۔پاک عرب ہاؤسنگ کیس میں 9.3 ارب روپے مالیت کی 8 جائیدادیں متاثرین کو دینے کے لیے نیب کے حوالے کی گئیں۔ایلیٹ ٹاؤن ہاؤسنگ سوسائٹی کیس میں 2.181 ارب روپے کی پلی بارگین پر کارروائی جاری، جس کے تحت 1,789 متاثرین کو ادائیگیاں ہوں گی۔

نیب کے مطابق اس وقت تمام صوبوں کے ریونیو محکموں کے ساتھ مل کر غیر قانونی قبضوں سے تقریباً 5 ٹریلین روپے مالیت کی سرکاری زمین واگزار کرانے کی کوششیں جاری ہیں۔ نیب نے شفافیت، احتساب اور عدل کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ عوامی وسائل کا تحفظ اور متاثرہ شہریوں کو عملی فوائد پہنچانا ان کا قومی مشن ہے، جس میں تمام شہریوں سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔

Shares: