نیدرلینڈز نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری پر عمل کرنےکاعندیہ دے دیا، نیدر لینڈز کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ضرورت پڑنے پر عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے جاری کردہ نیتن یاہو کے گرفتاری وارنٹ پرعمل کرنے کے لیے تیار ہیں۔

باغی ٹی وی : غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق نیدرلینڈز کے وزیرخارجہ کیسپر ویلڈکیمپ نے عالمی عدالت کے فیصلے کا احترام کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو ہماری سرزمین پر پاؤں رکھتے ہیں تو انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔

نیدرلینڈ کے نشریاتی ادارے این او ایس سے جاری بیان کے مطابق کیسپر ویلڈکیمپ نے پارلیمنٹ میں بتایا کہ نیدرلینڈز عالمی عدا لت کے اس فیصلے کا احترام کرتا ہے جس میں اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کو گرفتار کرنے کا حکم دیا گیا ہے اگر وہ ڈچ سرزمین پر پہنچتے ہیں تو وہ گرفتار ہوجائیں گے یہی اصول اسرائیل کے سابق وزیردفاع یووو گیلنٹ اور حماس کے رہنما محمد ضیاب ابراہیم پر لاگو ہوتا ہے جنہیں عالمی عدالت نے گرفتاری کے وارنٹ جاری کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیدرلینڈز کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ غیرضروری تعلقات ختم کردیئے جائیں گے کیونکہ اسرائیل کے اعلیٰ عہدیدارغزہ میں انسانیت کے خلاف جرم اور جنگی جرائم کے مرتکب ہوگئے ہیں نیدرلینڈ روم اسٹیٹیوٹ پر 100 فیصد عمل کرتا ہے جس کے تحت ہیگ میں عالمی عدالت کا قیام عمل میں آیا تھا اور اس کے قواعد و ضوابط بھی اسی کے مطابق وضع کی گئے تھے۔

خیال رہے کہ عالمی فوجداری عدالت نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں، اسرائیلی وزیر اعظم پر جنگی جرائم کے ارتکاب کا الزام ہے عالمی فوجداری عدالت نے جنگی جرائم کے ارتکاب کے الزام میں سابق اسرائیلی وزیر دفاع یواف گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے ہیں،عدالت نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے سربراہ محمد ضیف کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔

عالمی فوجداری عدالت کے چیف پراسیکیوٹر نے رواں سال مئی میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور دیگر کے جنگی جرائم کےارتکاب کے الزام میں وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے لیے درخواست دی تھی۔

Shares: