پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور اور معروف اداکارہ و میزبان نادیہ خان کا کہنا ہے کہ شادی کرنا میری زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی کیونکہ شادی کے بعد جو میں نے 10 سال گزارے وہ بس میری زندگی کے ڈرامے تھے-
باغی ٹی وی : ایک ویب سائٹ کو انٹرویو کے دوران میزبان نے سوال پوچھا کہ زندگی کا کوئی ایسا فیصلہ ہے جس پر آپ کو آج بھی بہت افسوس ہوتا ہو؟ جس پر نادیہ خان نے کہا کہ میری زندگی کی سب سے بڑی غلطی شادی کرنے کا فیصلہ تھا جو میں نے بہت جلدی میں کیا-
اداکارہ و میزبان کا کہنا تھا کہ میں نے شادی کرکے میں نے اپنے اندر چھپے فنکار کا قتل کردیا اگر بعد کی زندگی کا علم ہوتا تو میں شادی نہ کرتی۔
نادیہ خان نے کہا کہ 2000 میں اگر میں شادی نہ کرتی تو صرف کام کرتی یہاں تک کہ زندگی میں بہت کچھ کرسکتی تھی لیکن شادی کے بعد جو میں نے 10 سال گزارے وہ بس میری زندگی کے ڈرامے تھے-
نادیہ خان کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد میں نے یہ سوچ رکھا تھا کہ مجھے اچھی بیوی اور اچھی بہو بن کر رہنا ہے پھر اس کے بعد ایسا ڈرامہ شروع ہوا جس کی اقساط 10 سال تک چلتی رہیں۔
ادکارہ نے کہا کہ شادی کا بس ایک یہی فائدہ ہے کہ آپ کو بچوں جیسی نعمت حاصل ہوجاتی ہے جوکہ کسی کی بھی زندگی کا سب سے اہم حصہ ہوتے ہیں اور اگر یہ بچے وقت پر ہوجائیں تو وہ آپ کے دوست ہوتے ہیں کبھی کبھی تو ایسا لگتا ہے جیسے بچے آپ کی آرمی ہوں۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل خبر سامنے آئی تھی کہ نادیہ خان نے منگنی کرلی ہے اور اب وہ تیسری بار رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے جا رہی ہیں۔
خبریں تھیں کہ نادیہ خان نے اسلام آباد میں ایک نجی تقریب میں منگنی کی جس میں صرف اہلخانہ نے شرکت کی جب کہ آئندہ چند ہفتوں میں وہ شادی کے بندھن میں بندھنے والی ہیں جس کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اور اسی سلسلے میں اداکارہ ڈریس ڈیزائنر کے پاس شادی کا جوڑا سلوانے کے لیے متعدد بار جا چکی ہیں۔
سوشل میڈیا پر گردش خبروں کے مطابق اداکارہ نادیہ خان کے منگیتر ائیرفورس میں پائلٹ ہیں اور دونوں کو منگنی کی تقریب میں نہایت خوشگوار موڈ میں دیکھا گیا تاہم منگنی اور اس کے بعد شادی سے متعلق خبروں پر اداکارہ کی جانب سے خاموشی اختیار کی گئی ہے۔