اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو مقررہ وقت پر اپنے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ وصول کرنے کی ہدایت کر دی۔
نادرا نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ مقررہ مدت میں قومی شناختی کارڈ نہ لینے کی صورت میں پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں ایک بار درخواست جمع کروانے کے بعد شہریوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ ڈیڈ لائن سے پہلے اپنا شناختی کارڈ حاصل کریں۔
نادرا کے مطابق اگر قومی شناختی کارڈ نامزد ترسیل کی تاریخ کے 3 ماہ کے اندر حاصل نہ کیا گیا تو اسے مستقل طور پر مسترد کر دیا جائے گا،قومی شناختی کارڈ مسترد ہونے کی صورت میں شہریوں کو نئے کارڈ کے لیے دوبارہ درخواست دینا ہو گی اور متعلقہ فیس بھی ادا کرنا ہو گی شہری پاکستان آئی ڈی موبائل ایپ استعمال کریں یا ہوم ڈلیوری سروس منتخب کریں تاکہ شناختی کارڈ براہِ راست گھر پر وصول کیا جا سکے اور دفاتر کا چکر لگانے کی ضرورت نہ پڑے۔
نادرا نے قومی شناختی کارڈ کے حصول کے لیے نئی پروسیسنگ فیس اور ٹائم لائنز جاری کر دیں جس کے مطابق شناختی کارڈ کے لیے درخواست دینے والوں کے لیے عام سروس مفت ہے اور پروسیسنگ کا وقت 15 روز ہے،ارجنٹ سروس کا انتخاب کرنے والے درخواست دہندگان کو 12 دن کے اندر درخواست پر عملدرآمد کے ساتھ ایک ہزار 150 روپے فیس ہو گی جبکہ ایگزیکٹو سروس کی ضرورت والے افراد درخواست کے عمل سے 2 ہزار 150 روپے دے کر فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور ان کا شناختی کارڈ صرف 6 دن کے اندر جاری کیا جاتا ہے۔








