کراچی: بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی 76 ویں برسی پر وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مزار قائد پر حاضری دی –

باغی ٹی وی :وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بابائے قوم کے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، وزیر اعلیٰ سندھ کے ہمراہ کابینہ کے اراکین نے بھی مزار پر حاضری دی، وزیر اعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کیے ، وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن، وزیر داخلہ ضیاء لنجار سمیت دیگر اراکین وزیر اعلیٰ سندھ کے ہمراہ ہیں۔

گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ ہمیں قائد اعظم کے نقش قدم پر چلنے کی ضرورت ہے، ہم آج شرمندہ ہیں کیونکہ اس ملک میں 9 مئی جیسے واقعات رونما ہوتے ہیں، قائد اعظم نے اس مقصد کے لیے ملک حاصل نہیں کیا، ایک سیاسی جماعت کے رہنماؤں کی گفتگو اور رویہ انتہائی نامناسب ہے، مخصوص سیاسی جماعت کے بیانیے سے پاکستان کی ساکھ متاثر ہوئی، اس ملک میں بیرونی طاقتوں کا بیانیہ فروخت ہورہا ہے، خریدار خرید رہے ہیں، قوم کو نفرت کا بیانیہ بیچنے والوں کو پہچاننا ہوگا، 24 کروڑ عوام معاشی بحران میں پھنسے ہوئے ہیں، سیاسی جماعت کے نعرے اور بیانیے پر غور کریں تو لگتا ہے یہ پاکستان میں نہیں کھڑے ہوئے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ آج گورنر صاحب،کابینہ کے ساتھ قائد کے مزار پر خراج عقیدت پیش کرنے حاضر ہوا ہوں، قائد ا عظم محمد علی جناح نے ہمیں پیارا ملک پاکستان دیا، قائد اعظم کے وژن پر عمل کرتے ہوئے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، ملک کو اس جگہ لے کر جائیں گے جس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا، ملکی حالات پر گورنر سندھ نے تفصیل سے روشنی ڈالی ہے، اللہ اس ملک کی لیڈر شپ کو طاقت دے کہ وہ سیاسی اور معاشی مشکلات سے مقابلہ کرسکیں۔

مرادعلی شاہ نے مزید کہا کہ بھارت کشمیری بھائیوں پر مسلسل ظلم و بربریت کررہا ہے، ہر پاکستانی مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے، فلسطین میں اسرائیلی بربریت جاری ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں، عالم اسلام کو متحد ہونا ہوگا، متحد ہوکر عالم اسلام مسلمان مخالف قوتوں کا مقابلہ کریں، اپنی ذاتی رنجشوں کو پیچھے رکھ کر ملکی مسائل کو حل کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی صورتحال پرذاتی رنجشیں ختم کرکےآگےبڑھنا چاہیئے، ملکی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے سب کو متحدہ ہونا چاہیئے، منتخب وزیراعلیٰ نے جو زبان استعمال کی صرف ایک شخص ان کے ساتھ ہے، 2018 میں جس کو حکومت دلائی گئی وہ صرف ملک کونقصان پہنچانا چاہتا ہے، مخصوص شخص کے اقدامات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، یو اے ای سفیر سے سرمایہ کاری سے متعلق بات چیت ہوئی ہے، بیرون ملک جانے والے سب سےپہلے ملک کی عزت کا خیال رکھیں۔

Shares: