اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اُن کا بھارتی صحافی کرن تھاپر کو دیا گیا انٹرویو آج جاری کیا جائے گا۔ ہمیں بھارتی عوام، خاص طور پر نوجوان نسل پر اعتماد ہے، اور اسی یقین کی بنیاد پر بھارتی میڈیا سے مخاطب ہونے کا فیصلہ کیا۔

بلاول بھٹو نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا، "میں نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دینے کا فیصلہ اس لیے نہیں کیا کہ وہاں سے کسی غیرجانبدارانہ پلیٹ فارم کی توقع تھی، بلکہ اس لیے کہ مجھے بھارت کے عوام، خاص طور پر نوجوان نسل پر یقین ہے۔”انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کی بات صرف پاکستان کی نہیں، بلکہ یہ دونوں اقوام کا مشترکہ مشن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی نسل کو چاہیے کہ وہ ماضی کی زنجیروں کو توڑے، جنگی جنون اور نفرت کی سیاست کو مسترد کرے، اور مستقبل کو امن، تعاون اور خوشحالی کی بنیاد پر تشکیل دے۔

بلاول بھٹو نے کہا: "ہم وہ نسل ہوں گے جو تاریخ کی زنجیروں کو توڑے گی، جنگی سوداگر، مایوس کن عناصر اور نفرت پھیلانے والوں کو رد کرے گی۔ ہم دہشتگردی، موسمیاتی تبدیلی اور عدم مساوات جیسے اصل چیلنجز کا مل کر مقابلہ کریں گے۔”انہوں نے بھارت اور پاکستان کے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں اقوام کا مستقبل ماضی کے تنازعات کے بجائے پرامن بقائے باہمی، تعاون اور مشترکہ خوشحالی سے عبارت ہوگا۔

Shares: