بھارتی شہر ممبئی میں جمعے کے روز ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں 24 سالہ نوجوان نے اپنی سابقہ گرل فرینڈ کو چاقو کے وار سے قتل کرنے کے بعد خود اپنی جان لے لی۔ پولیس کے مطابق واقعہ محبت میں ناکامی اور بدگمانی کے باعث پیش آیا۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم سونو برائی اور مقتولہ منیشا یادو کے درمیان طویل عرصے سے تعلقات قائم تھے، تاہم دونوں کے درمیان آٹھ روز قبل علیحدگی ہوگئی تھی۔ علیحدگی کے بعد سونو برائی کو شک تھا کہ منیشا یادو کا کسی اور سے تعلق ہے، جس پر وہ اکثر غصے میں رہنے لگا تھا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ جمعے کی صبح سونو برائی نے اپنی والدہ کو بتایا کہ وہ باہر جا رہا ہے۔ اس نے گھر سے چپکے سے ایک کچن کا چاقو بھی ساتھ لے لیا۔ بعد ازاں اس نے منیشا یادو کو فون کرکے ایک نرسنگ ہوم میں آخری ملاقات کے لیے بلایا۔جب دونوں وہاں پہنچے تو بات چیت کے دوران جھگڑا ہوگیا۔ غصے میں آ کر سونو برائی نے اچانک منیشا یادو پر چاقو سے متعدد وار کر دیے، جس سے وہ موقع پر ہی زخمی ہو کر گر گئی۔ حملے کے فوراً بعد سونو برائی نے اپنی گردن پر بھی چاقو سے وار کیا۔

موقع پر پہنچنے والی پولیس نے دونوں کو اسپتال منتقل کیا، تاہم ڈاکٹرز نے منیشا یادو کو مردہ قرار دے دیا جبکہ سونو برائی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔پولیس کے مطابق جائے وقوعہ کی تصاویر میں نرسنگ ہوم کے دروازے پر خون سے لت پت سونو برائی کو بے ہوش حالت میں دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور بھارتی نیائے سنہیتا کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ذاتی جھگڑے اور شک کی بنیاد پر پیش آیا، اور کسی تیسرے شخص کی شمولیت کے شواہد اب تک سامنے نہیں آئے۔

Shares: