اوچ شریف(باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان)نلکا اڈہ پرعباسیہ لنک کینال کا خستہ حال پل، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا

تفصیل کے مطابق اوچ شریف کے نواحی علاقے نلکا اڈہ میں واقع عباسیہ لنک کینال کا پل خستہ حالی کا شکار ہے، جس کی وجہ سے عوام کوآمدورفت میں شدید خطرات لاحق اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ پل کی ٹوٹ پھوٹ اور حفاظتی جنگلوں کی عدم موجودگی کے باعث روزانہ ہزاروں افراد کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔ اس پل کو روزانہ استعمال کرنے والے مقامی رہائشی عبد اللہ، عبد الستار، مظہر حسین، نادر محمد، یعقوب اور ناصر حسین نے میڈیا کو بتایا کہ "ہم روزانہ خوف کے سائے میں پل عبور کرتے ہیں، اگرخدانخواستہ کوئی حادثہ پیش آیا تو اس کی ذمہ داری کس کی ہوگی؟”

یہ پل بچوں، بزرگوں اور مزدوروں کے لیے روزمرہ آمدورفت کا اہم راستہ ہے لیکن اس کی خستہ حالت نے یہاں کے باسیوں کو مشکلات میں ڈال رکھا ہے۔ مقامی رہنماؤں اور اہل علاقہ نے حکومت سے فوری مرمت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پل نہ صرف روزمرہ آمدورفت بلکہ مقامی معیشت کے لیے بھی انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہیڈ پنجند اور نلکا اڈہ جیسے تاریخی مقامات کی وجہ سے سیاح بڑی تعداد میں یہاں آتے ہیں لیکن اس پل کی حالت دیکھ کر مایوس ہو جاتے ہیں۔ مقامی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ حکومتی غفلت عوامی مایوسی کا سبب بن رہی ہے اور لوگ اب محفوظ متبادل راستے کی تلاش میں ہیں۔ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو یہ صورتحال کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔

Shares: