ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) ننکانہ صاحب میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ افراد میں راشن تقسیم کرنے کی ایک تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ، ممبر صوبائی اسمبلی مہر کاشف پڈھیار، اور ڈی ڈی سوشل ویلفیئر محمد شبیر نے متاثرہ خاندانوں میں راشن بیگز تقسیم کیے۔

فارمز ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے تعاون سے 100 سے زائد سیلاب متاثرہ خاندانوں کو امدادی سامان فراہم کیا گیا۔ ہر راشن بیگ میں آٹا، چینی، دالیں، گھی، صابن سمیت 21 ضروری اشیاء شامل تھیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق، دریائی حدود میں سیلابی پانی سے 121 دیہات اور 36 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ، 40 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر کھڑی فصلیں بھی تباہ ہو چکی ہیں۔

ریسکیو آپریشن کے دوران اب تک 11 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے 9 مقامات پر فلڈ ریلیف کیمپ اور 30 مقامات پر میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی مہر کاشف پڈھیار نے کہا کہ حکومت پنجاب سیلاب متاثرین کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور ان کے نقصانات کا مکمل ازالہ کیا جائے گا۔

Shares: